ایشیا کپ کیلئے متبادل مقام ‘ 4جنوری کو اہم اجلاس

ڈھاکہ۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کا انتظامیہ آئندہ ماہ ایک اہم اجلاس منعقد کرے گا جس میں آئندہ سال فبروری میںیہاں منعقد شدنی ٹورنمنٹ کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جائے گا کہ کیا بدامنی سے متاثرہ بنگلہ دیش کو اس کی میزبانی برقرار رکھی جائے یا پھر یہ ٹورنمنٹ کسی دوسرے مقام پر منتقل کردیا جائے ۔ ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے آئندہ ماہ اہم اجلاس کے متعلق آگاہ کیا ۔ دریں اثناء ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) کے چیف ایگزیکٹیو سید اشرف الحق نے کہا ہے کہ کونسل سری لنکا کے صدر مقام کولمبو میں 4جنوری کو ایک اجلاس منعقد کررہا ہے جس میں متبادل مقامات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا کیونکہ بنگلہ دیش میں صورتحال پُرامن نہیں ہے ۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی سے اظہار خیال کرتے ہوئے اشرف الحق نے کہا کہ فی الحال ایشیاء کپ بنگلہ دیش سے منتقل نہیں ہورہا ہے

لیکن اس ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والے ممالک نے تحفظات کا مطالبہ کیا ہے لہذا بنگلہ دیش میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئندہ ماہ منعقد شدنی اجلاس میں متبادل مقامات پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔ ایشیا کپ میں شرکت کررہے ممالک کی جانب سے یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ ٹورنمنٹ میں بنگلہ دیش سے منتقل کردیا جائے ۔ حق نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ٹورنمنٹ کے انعقاد کیلئے متبادل مقامات کا فیصلہ 4جنوری کو منعقد شدنی اجلاس میں کیا جائے گا ۔ ہندوستان ‘ پاکستان ‘ سری لنکا اور بنگلہ دیش 50اوورس کے اس ٹورنمنٹ میں شرکت کررہے ہیں اور یہ ٹورنمنٹ 24فبروری تا 7مارچ کے درمیان منعقد ہوگا۔

ٹورنمنٹ کے تمام مقابلے بنگلہ دیش کے صدر مقام ڈھاکہ میں منعقد شدنی ہے لیکن بنگلہ دیش کا دارالحکومت بدامنی کا مرکز بن چکا ہے جہاں 5جنوری کو عام انتخابات کے ضمن میں احتجاج کیا جارہاہے ۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش کو 16مارچ تا 6اپریل ٹوئنٹی 20ورلڈ کی میزبانی بھی کرنی ہے لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ان عزائم کا اظہار کیا ہے کہ ٹوئنٹی 20ورلڈ اپنے نظام العمل کے مطابق بنگلہ دیش میں ہی منعقد ہوگا ۔ اشرف الحق نے مزید کہاکہ ایشیاء کپ کو ملتوی کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ‘ تاہم اس ٹورنمنٹ کو متبادل مقام پر منعقد کیا جاسکتا ہے ۔