ایس پی ۔بی ایس پی کی دوستی فرضی : نریندر مودی

ایٹاہ ( یو پی ) 20 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی ایس پی صدر مایاوتی کی جانب سے مودی کو پسماندہ طبقات کا فرضی لیڈر قرار دئے جانے کے بعد اب مودی نے کہا کہ بی ایس پی ۔ ایس پی کی دوستی فرضی ہے اور یہ دوستی 23 مئی کو انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد ختم ہوجائیگی ۔ انہوں نے یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو یاد ہے کہ اسمبلی انتخابات میں جو دوستی قائم ہوئی تھی وہ نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی ختم ہوگئی ۔ اب بھی بوا اور ببوا کی دوستی ہوگئی ہے یہ بھی فرضی ہے اور 23 مئی کو نتائج کے اعلان کے بعد یہ دوستی ختم ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوستی کی معیاد بھی مقرر ہے جو 23 مئی کو ختم ہوجائیگی ۔ اس دن مایاوتی اور اکھیلیش اپنی دشمن کے دوسرے دور کا آغاز کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے شخصی مفادات کیلئے سیاسی دوستیاں کر رہے ہیں وہ کبھی بھی ملک کے پسماندہ اور پچھڑے ہوئے طبقات کی بہتری اور ان کی فلاح و بہبود کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔