ایس بی ایس پی کے سربراہ راج بھر یوپی حکومت سے مستعفی

13 اپریل کو استعفیٰ پیش کرچکا ہوں، منظور یا مسترد کرنے کا فیصلہ بی جے پی پر منحصر

بلیا 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے خلاف وقفہ وقفہ سے تلخ و تند تنازعہ کے لئے معروف ایس کی ایک حلیف جماعت سلبھدیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر نے پیر کو دعویٰ کیاکہ وہ یوگی آذتیہ ناتھ حکومت سے مستعفی ہوچکے ہیں اور اب اس (منظوری) کا فیصلہ زعفرانی جماعت کی حکومت پر منحصر ہے۔ راج بھر نے جو ریاستی کابینی وزیر ہیں، کہاکہ ’میں 13 اپریل کو اپنا استعفیٰ پیش کرچکا ہوں اب اس کو قبول کرنا یا مسترد کرنے کا فیصلہ بی جے پی پر منحصر ہے‘۔ انھوں نے کہاکہ ’اب اس حکومت سے میرا کوئی سروکار نہیں ہے‘۔ سلبھدیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے سربراہ نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی رواں انتخابات کے دوران ان کی پارٹی کے نام اور پرچم کا بیجا استعمال کررہی ہے۔ حتیٰ کہ وزیراعظم نریندر مودی کے روڈ شو میں بھی اس کا استعمال کیا گیا تھا اور مَیں الیکشن کمیشن میں اس کی شکایت کرچکا ہوں‘۔ راج بھر بالعموم بی جے پی پر برسر عام تنقیدیں کیا کرتے ہیں۔ اُنھوں نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی ریاست میں لوک سبھا انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی اور اُنھوں نے 39 حلقوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بی جے پی لیڈر اور ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ کو یہ کہنا پڑا تھا کہ راج بھر بی جے پی کے ساتھ ہیں اور بی جے پی کے ساتھ ہی رہیں گے۔