ایرینا سبالینکا اور الیس مارٹنیز نے ڈبلز خطاب جیت لیا

انڈین ویلز۔18 مارچ۔ (سیاست ڈاٹ کام) بیلا روس کی ایرینا سبالینکا اور بلجیم کی الیس مارٹنیز نے انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ میں ویمنزڈبلز خطاب اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چیک جمہوریہ کی ورلڈ نمبرون باربورا کریسیکووا اورکترینا سینیاکووا کو صرف ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر خوبصورت ٹرافی حاصل کرلی۔ فاتح جوڑی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو نتائج حاصل کئے گئے وہ ایک خواب کی مانند ہیں کیونکہ مخالف کھلاڑیوں کو کمزور خیال نہیں کیا جا سکتاہے۔ ان کے پاس کھیل میں کافی تجربہ ہے تاہم مربوط حکمت عملی اور شاٹ سلیکشن کے بہتر استعمال سے حریف جوڑی پر غلبہ پایا۔ بلا شبہ یہ ایک بہترین ایونٹ ہے جس میں کھیلنا ہمیشہ سے پسند ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی یہاں آکر شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ علاوہ ازیں مینز ڈبلز کے فائنل میں ارجنٹیناکے کھلاڑی زیبالوس ہوراسیو اور ان کے کروشین پارٹنر نکولا میکٹک نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برازیل کے مارسیلو میلو اور ان کے پولش پارٹنر لوکاس کوبوٹ کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 6-4 اور 10-3 سے شکست دیکر خطاب حاصل کیا۔ واضح رہے کہ فاتح جوڑی کیریئر میں دوسری مرتبہ کسی ٹورنمنٹ میں ایک ساتھ کھیل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنمنٹ حیران کن ثابت ہوا ہے اور وہ آئندہ بھی فتوحات کے سلسلے کو دراز کرنا چاہیں گے۔