ایرایشیاء کی حیدرآباد۔کولالمپور سرویس بحال

یکطرفہ ٹکٹ کی قیمت صرف 2,099 روپئے ‘ بکنگ کا آج سے آغاز
ممبئی۔29ستمبر ( پی ٹی آئی) ایرایشیاء نے حیدرآباد سے کولالمپور تک اپنی فضائی خدمات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اور یکطرفہ سفر کیلئے حیرت انگیز طور پر انتہائی معمولی شرح کرایہ 2,099/- روپئے مقرر کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ ایرایشیاء میں تجارتی شعبہ کے سربراہ اسپنسرلی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ حیدرآباد۔کولالمپور فضائی خدمات کا دوبارہ آغاز ہمارے کئی مہمانوں کو براہ کولمبیا سفر کا تجربہ فراہم کرے گا ۔ بحال کی جانے والی یہ فضائی خدمات حیدرآباد کو کوٹاکینالو‘ کوچنگ‘ پینانگ ‘ لینگکاوی اور دیگر شہروں سے بھی مربوط کرے گا ۔ مسٹر اسپنسر نے کہا کہ حیدرآباد۔ کوالالمپور تازہ ترین خدمات سفری سرگرمیوں میں اضافہ ‘ کوالالمپور میں ہمارے مرکز سے بین الاقوامی مارکٹ میں وسعت اور ہندوستان میں ایر ایشیاء کے موقف کو استحکام حاصل ہوگا ۔ علاوہ ازیں یہ فضائی خدمات حیدرآباد اور کولالمپور کے درمیان سفر کرنے والے مسافرین کو سنگاپور ‘ بانی جکارتہ‘ بنکاک‘ پھوکیٹ ‘ ہانگ کانگ ‘ یوچامین سٹی ‘ برونی ‘سڈنی ‘گولڈ کوسٹ ‘ ملبورن اور پرتھ جیسے عالمی مقامات سے مربوط کریں گے ۔ حیدرآباد سے پرواز کیلئے ایرایشیاء کے ویب سائٹ پر 7 اکٹوبر سے بکنگ دستیاب رہے گی لیکن خصوصی رعایتی شرح کرایہ پر سفر کی اسکیم کے تحت 30 ستمبر تا 5 اکٹوبر بکنگ ہوگی اور ان ٹکٹوں پر 8ڈسمبر 2014 تا 24اکٹوبر 2015ء تک سفر کیا جاسکتا ہے ۔