ایران ۔ امریکہ کشیدگی، سعودی عرب میں کانفرنس کیلئے قطر بھی مدعو

دوبئی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قطر نے ہفتہ کے روز ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے موضوع پر علاقائی بات چیت کیلئے سعودی عرب نے قطر کو بھی مدعو کیا ہے۔ یاد رہیکہ سعودی عرب نے اس سلسلہ میں چوٹی کانفرنسوں کا اعلان کیا ہے۔ ایک کانفرنس عرب لیگ رکن ممالک کیلئے اور دوسری گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی) کے علاقائی ممالک کیلئے ہوگی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ خلیجی آبی حدود میں تیل کے متعدد ٹینکرس کو پُراسرار حالات میں نشانہ بنایا گیا جبکہ سعودی خام تیل کی ایک پائپ لائن پر بھی ڈرون حملے کئے گئے جس کیلئے سعودی نے یمنی باغیوں کو موردالزام ٹھہرایا ہے جسے مبینہ طور پر ایران سے احکامات مل رہے ہیں۔ شاہ سلمان نے خلیجی قائدین اور عرب لیگ رکن ممالک کو مدعو کیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں 30 مئی کو یہ اہم ترین کانفرنس منعقد ہوگی۔