ایران کی اسلحہ اسمگل کرنے کی سازش ناکام

اومان 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عرب اتحاد کی مسلح افواج نے چہارشنبہ کے روز بحیرہ عرب میں سلطنت آف اومان کی بندرگاہ صلالہ کے نزدیک اسلحے سے بھری ایک کشتی پکڑنے کی اطلاع دی ہے۔العربیہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق عرب اتحاد کی فورسز نے گذشتہ ہفتے کوعید الاضحیٰ کے تیسرے روز اومان کی ساحلی حدود میں ایران کی اسلحہ اسمگل کرنے کی یہ سازش ناکام بنائی ہے۔اس کشتی کو بحیرہ عرب میں روک کر چیک کیا گیا تو اس پر راکٹ اور میزائل لدے ہوئے تھے۔کشتی پر لدے ہوئے اسلحہ میں 18 کونکورس شیل ،54 ٹینک شکن میزائل ،15 بیٹری کٹس ،ہتھیاروں کا گائیڈنس نظام اور دوسرا گولہ بارود شامل تھا۔عرب اتحادی فورسز نے کشتی پر سوار چودہ ملاحوں کو بھی گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔کشتی سے برآمد کی گئی دستاویزات کے مطابق اس کو ایک ایرانی شہری کے نام پر رجسٹر کیا گیا تھا۔ان سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ یہ کشتی ماہی گیری کے مقاصد کے لیے تیار کی گئی تھی۔