ایران کا ’خودکش ڈرون‘ طیارے کا کامیاب تجربہ

تہران۔ 30ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل احمد رضا بوردستان نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے خلیجی آبی حدود میں ہونے والی فوجی مشقوں کے دوران پہلی مرتبہ ’’خودکش ڈرونز‘‘ استعمال کئے ہیں۔جنرل بوردستان کے مطابق ایرانی بری فوج نے دو مراحل میں بغیر پائلٹ جاسوسی طیارے استعمال کیے۔ پہلے مرحلے میں ان جہازوں نے دشمن، جبکہ دوسرے مرحلے میں انہوں نے ’فرینڈلی آرمی‘ کا کردار ادا کیا۔انہوں نے ایرانی خودکش ڈرونز کو ’موبائل بم‘ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ یہ طیارے دو سو پچاس کلومیٹر تک پرواز کر سکتے ہیں۔ نیز ان میں ہائی ریزولوشن کیمرے نصب ہیں۔ایران نے گذشتہ برس نومبر میں امریکی ڈرون آر کیو 170 کی نقل نمائش کیلئے پیش کی تھی، جسے تہران کے بقول 2012ء میں ملک کے اندر ایک جاسوسی مشن کے دوران مار گرایا تھا۔گذشتہ برس ستمبر میں بھی ایران نے میزائل سے لیس ڈرون طیارہ نمائش کیلئے پیش کیا تھا جسے بعد میں ایرانی فوج کے سامان ضرب و حرب کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا۔ اس نمائش کا اہتمام ایران۔عراق جنگ کی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا۔ایران نے گذشتہ چند برسوں کے دوران اپنے بیلاسکٹ میزائل پروگرام پر بھرپور کام کیا ہے اور اسی مدت میں تہران نے متعدد قسم کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے بھی بنائے ہیں۔