ایران پر پابندیوں میں اضافہ کرنے نتن یاہو کی اپیل

یروشلم، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے آج ایران کے ذریعہ پھر سے بیلسٹک میزائل ٹسٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلے مہینہ واشنگٹن کے دورے کے دوران وہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ایران کے خلاف پابندیاں سخت کرنے پر غور کرنے کے لئے کہیں گے ۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے مسٹر نیتن یاہو کے امریکہ دورے کا اعلان ہونے کے فورا بعد ہی انہوں نے ٹوئٹر پر کہا، “ایران نے پھر بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے ۔ یہ واضح طور پر سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے ۔ امریکی حکام نے بھی آج اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایران نے درمیانہ فاصلے کی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جس نے تقریبا 1000 کلو میٹر کی دوری طے کی۔مسٹر نتن یاہو نے کہا کہ میری صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران میں ایران پر پابندی کے بارے میں پھر سے غور کرنے کی اپیل کروں گا۔ ایران کی جارحیت کا جواب بغیر ردعمل ظاہر کئے نہیں دیا جا سکتا ۔ خیال رہے کہ اوباما انتظامیہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل ٹسٹ کو نیوکلیئر معاہدے کی خلاف ورزی نہیں مانا تھا جبکہ مسٹر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ تہران کے میزائل پروگرام پر روک لگائیں گے ۔ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر روک لگانے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق ایران آٹھ برسوں تک نیوکلیئر ہتھیار لے جانے والے میزائل کا تجربہ نہیں کر سکتا۔ وہیں ایران کا کہنا ہے کہ یہ ٹسٹ نیوکلیئر ہتھیاروں کو لے جانے والے میزائل کا نہیں ہے ۔