ایران پر امریکہ کی پابندی سے دیگر ممالک بھی متاثر

برلن ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی طرف سے ایران پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے باعث تہران اور دوسرے ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کوغیرمعمولی نقصان پہنچایا۔خبر رساں اداروں کے مطابق جرمن تجارتی گروپ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باعث جرمنی اور ایران کے درمیان اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں محدود ہوئی ہیں۔جرمنی کے ایوان صنعت وتجارت کے عہدیدار فولکر ٹرییر نے جرمن خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایران اور جرمنی کی برآمدات میں 50 فی صد کمی آ چکی ہے جب کہ رواں سال کی پہلی چوتھائی جرمنی کے لیے ایرانی برآمدات میں 42 فی صد کمی آئی ہے۔جرمن عہدیدار کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس ایران میں جرمن تجارتی کمپنیوں کی تعداد 120 تھی اور امریکی پابندیوں کے بعد یہ تعداد کم ہو کر 60 رہ گئی ہے۔مسٹر ٹرییر کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں نے ایران کے ساتھ تجارتی روابط کو غیرمعمولی حد تک متاثر کیا ہے۔