ایران نیوکلیر مذاکرات میں ایک دن کی توسیع کا قوی امکان

لوسان 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کو نیوکلیر ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لئے طولانی مذاکرات آج بھی غیر مختتم رہے جبکہ روس نے کہاکہ اِس بات کے قوی امکانات ہیں کہ ایک تاریخی خاکہ آدھی رات تک قطعی معاہدہ کے لئے تیار کرلیا جائے گا۔ وزیر خارجہ روس سرجی لاؤروف لوسان واپسی آچکے ہیں تاکہ وزارت سطح کے اجلاس میں شامل رہیں۔ جس میں قطعی معاہدہ پر دستخط کئے جائیں گے۔ لاؤروف نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ موجودہ مرحلہ کے مذاکرات کے امکانات اچھے ہیں اور ممکن ہے کہ کوئی قطعی معاہدہ طے پاجائے۔ فوج کے تکنیکی اور تحدیدات کے ماہرین آج صبح کی اولین ساعتوں تک قطعی معاہدہ کا خاکہ تیار کرنے میں مصروف رہے۔ معاہدہ کو بنیاد فراہم کرنے کے لئے دستاویزات کا باہم تبادلہ کیا۔قبل ازیں خبر کے مطابق ایران کے ایٹمی پروگرام پر سمجھوتے کی ڈیڈ لائن کا آج آخری دن ہے،امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ کوشش کررہے ہیں کہ آج رات ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل ایران سے ایٹمی معاہدہ ہوجائے ، تاہم اب بھی کچھ مسائل حل طلب ہیں۔