ایران میں دو لڑکوں کو سزائے موت پر اقوام متحدہ برہم

جنیوا 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ حقوق انسانی سربراہ نے ایران میں دو 17 سالہ لڑکوں کو سزائے موت دئے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ ان لڑکوں پر عصمت ریزی اور رہزنی کے الزامات تھے ۔ مہدی سہرابی فر اور امین سیداگھٹ کو 25 اپریل کو سزائے موت دی گئی ۔ اس سے قبل ان پر مقدمہ چلایا گیا تھا ۔ اقوام متحدہ حقوق انسانی دفتر نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ قانون کی کارروائی مناسب انداز میں نہیں کی گئی ہے ۔ تنظیم کے بموجب بین الاقوامی قوانین کے تحت بچوں کو سزائے موت دینا ممنوع ہے ۔ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بچالیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے انہیں سحت تکلیف ہوئی ہے ۔ انہوں نے ایران سے اپیل کی کہ وہ لڑکپن میں جرائم کرنے کے ملزم افراد کو سزائے موت دینے کے عمل کو روک دے ۔ ایران ایسے بین الاقوامی معاہدات کا رکن ملک ہے جن کے تحت بچوں کو جرائم کی پاداش میں سزائے موت پر امتناع عائد ہے ۔