ایران ایٹمی معاہدہ مذاکرات میں اختلافات

صدر امریکہ بارک اوباما کا ایران کے نام مکتوب
تہران۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان ایٹمی معاہدے کے مسودے پر اختلافات کے باعث مذاکرات کا مدت گذرجانے کے بعد جاری رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان یہ مذاکرات آسٹریا کے شہر ویانا میں ہورہے ہیں، تاہم ایٹمی معاہدے پر اختلافات کے باعث مذاکرات کی مدت میں توسیع کردی گئی ہے اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف مزید مشاورت کے لیے اپنے ملک روانہ ہوگئے ہیں۔ امریکی عہدیدار کے مطابق مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم اب بھی کچھ معاملات حل طلب ہیں، جس کے بعد اب مذاکرات قطعی تاریخ کے بعد بھی جاری رہیں گے۔تہران سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر امریکہ بارک اوباما نے حال ہی میں ایک خانگی پیغام عراق کے ذریعہ ایرانی قیادت کو روانہ کیا ہے۔ ایران کے ایک روزنامہ کے بموجب نیوکلیئر معاہدہ کیلئے قطعی آخری مہلت ختم ہونے سے پہلے یہ پیغام روانہ کیا گیا۔ ایران کثیرالاشاعت روزنامہ ’’ہم شہری‘‘ نے ایک رکن پارلیمنٹ کے حوالہ سے یہ خبر دی ہے ۔ روزنامہ نے کہا کہ قاصد وزیراعظم عراق حیدرالعبادی نے 8 جون کو اوباما سے ملاقات کی تھی جبکہ جرمی میں G-7 چوٹی کانفرنس ہورہی تھی۔