ایران الیکشن ، اصلاحات پسند فتح مند

تہران ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی صدر حسن روحانی کے اتحادیوں اور اعتدال پسند سیاستدانوں نے پارلیمانی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرلی۔ غیرسرکاری اور نامکمل نتائج کے مطابق کم از کم 33 حلقوں میں روحانی کے اتحادی سبقت لیے ہوئے ہیں۔ کل 68 انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ قدامت پسند امیدوار 21 حلقوں میں جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ’فارس‘ کے مطابق 31 سیٹوں پر اصلاحات پسند کامیاب ہوئے ہیں اور دو پر اعتدال پسند امیدواروں کو کامیابی ملی ہے۔ 14 آزاد امیدوار پارلیمنٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق روحانی کے حامی اور اتحادی 35حلقوں میں کامیاب رہے ہیں۔
شمالی کوریائی الزام غیر مصدقہ ہے: اقوام متحدہ
پیانگ یانگ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی قیادت میں اقوام متحدہ کی کمانڈ نے شمالی کوریا کے اُس الزام کو غیر مصدقہ اور بے بنیاد قرار دیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایک محاذ پر اُس کی فوج کے ساتھ چھیڑخانی کی گئی۔ کل شمالی کوریا کی فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے امریکی فوج کو متنبہ کیا تھا کہ وہ کوریائی ملکوں کی سرحد پر واقع گاؤں پٍن مَنجوم میں اُس کی فوج کے ساتھ ’غنڈہ گردی‘ کے مظاہرے سے اجتناب کرے وگرنہ اُسے سبق سکھایا جا سکتا ہے۔ شمالی کوریائی فوج کے مطابق امریکی فوجیوں نے نازیبا اور اشتعال انگیز اشارے کئے تھے۔ اقوام متحدہ کی کمانڈ کے ترجمان کرسٹوفر بُش کے مطابق یہ الزام بے بنیاد ہے۔