ایرانی فورسز نے چار جنگجو ہلاک کر دیے

تہران۔29 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ایرانی پاسداران انقلاب کے فوجیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی سرحد سے متصل سستان بلوچستان صوبے میں چار مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سنی جنگجو پاکستان سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔ ایران کے اس صوبے میں سنی جنگجو شہری اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران ہونی والی دہشت گردانہ کارروائی کے بعد سے تہران حکومت نے سکیورٹی کا لیول بڑھا دیا ہے۔ اس فوجی پریڈ کے دوران ہوئی فائرنگ کے نتیجے میں پچیس افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

شام کو ایس 300 میزائل نظام کی فراہمی شروع، روس
دمشق۔29 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ شام کو میزائل نظام کی فراہمی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ زمین سے ہوا میں مار کرنے والا روسی ایس 300 میزائل نظام شامی فوجی کی صلاحیتوں میں بہتری کا باعث بنے گا۔ اس میزائل نظام کی شام کو منتقلی پر اسرائیلی حکومت نے تحفظات کا اظہار کیا تھا تاہم ماسکو حکومت نے اسے نظر انداز کر دیا ہے۔ سات سالہ شامی تنازعے کے نتیجے میں تین لاکھ ساٹھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دیگر لاکھوں شامی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں۔