ایرانی اداکار کو احمدی نژاد کا ہم شکل ہونیکی سزا

تہران ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک مشہور ایرانی اداکار نے کہا ہے کہ انھیں سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا ہم شکل ہونے کی وجہ سے آٹھ سال تک اداکاری کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد بصیری نے یہ انکشاف ایک انٹرویو کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ انھیں اپنے اوپر پابندی کا اس وقت معلوم ہوا جب وکلا نے انھیں فون کر کے پوچھا کہ کیا انھیں پتہ ہے کہ وہ مزید اداکاری نہیں کر سکتے۔ یہ سب 2005 میں احمدی نژاد کا صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد ہوا۔ انھوں نے کہا : ’’ پہلے میں اسے ہنسی مذاق میں ٹالتا رہا اور مجھے اس پر یقین نہیں آیا لیکن یہ افواہیں آہستہ آہستہ حقیقت میں تبدیل ہوگئیں‘‘۔ محمد بصیری نے شکوہ کیا کہ جب ان پر پابندی لگا دی گئی تو چند فن کاروں کے علاوہ کسی نے ان کی پروا نہیں کی۔

بعض دھماکوں کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ، کرزئی کو شبہ
کابل، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان صدر حامد کرزئی سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں بعض بم دھماکوں کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے۔ ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق کرزئی کے پاس اپنے اس شک کو تقویت دینے کیلئے مناسب ثبوت سردست موجود نہیں ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ کرزئی کے واشنگٹن کے ساتھ تعلقات مسلسل کشیدگی کا شکار ہیں۔ امریکی حکام نے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے جبکہ کانگریس کے بعض اراکین نے رپورٹ کی مناسبت سے گہری تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔