ایرانڈیا طیارہ میں چوہے کی موجودگی

لندن کا آدھا سفر طئے کرنے کے بعد واپس ممبئی لا لیا گیا
ممبئی ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایرانڈیا کے ڈریم لائنر طیارہ میں اچانک ایک چوہا دکھائی دیا جس کی وجہ سے آدھا سفر طئے کرنے کے باوجود اسے واپس لا لیا گیا۔ یہ طیارہ لندن پرواز کیلئے آج صبح 7 بجے ممبئی سے روانہ ہوا اور تقریباً آدھا سفر پورا کرتے ہوئے تہران کے فضائی حدود سے گذر رہا تھا کہ اچانک پینٹری میں ایک چوہا دکھائی دیا۔ ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوی ایشن کے قاعدہ کے مطابق پائلیٹ نے فوری ممبئی ایرٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) ٹاور سے ربط قائم کرتے ہوئے طیارہ واپس لانے کا فیصلہ کیا۔ ای ٹی سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ تقریباً 12.50 بجے دن یہ طیارہ بحفاظت ممبئی واپس لا لیا گیا۔ تمام مسافرین کو طیارہ سے اتارنے کے بعد اسے دور مقام لے جاکر تلاشی لی گئی۔ قاعدہ کے مطابق ایسا کرنا ضروری تھا۔ ایر انڈیا کے ترجمان نے طیارہ کی احتیاطی اقدام کے طور پر واپسی کی توثیق کی لیکن چوہے کی اس میں موجودگی کے تعلق سے کہا کہ ابھی تحقیقات کی جارہی ہے۔ مسافرین کو دوسرے طیارہ کے ذریعہ لندن بھیج دیا گیا۔ اس سے پہلے 30 جولائی کو ایرانڈیا کا ملن جانے والا طیارہ بھی پرواز کے دو گھنٹے بعد مشتبہ چوہے کی موجودگی کی بناء دہلی ایرپورٹ پر واپس لا لیا گیا تھا۔
رن وے پر آوارہ کتا : ایرانڈیا طیارہ کی پرواز روک دی گئی
امرتسر ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایرانڈیا ایکسپریس طیارہ جو امرتسر سے دبئی روانہ ہونے والا تھا، پرواز سے عین قبل رن وے پر آوارہ کتا آ جانے سے تقریباً 4 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ امرتسر کے سری گرو رام داس جی انٹرنیشنل ایرپورٹ ڈائرکٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ طیارہ رن وے پر اڑان بھرنے کیلئے تیار تھا کہ اچانک پائلیٹ نے ایک آوارہ کتا وہاں موجود پایا اور اڑان بھرنے کا فیصلہ ترک کردیا۔ یہ طیارہ جو 3.15 بجے دوپہر روانہ ہونے والا تھا 7.10 بجے شب روانہ ہوا۔ بتایا جاتا ہیکہ پائلیٹ نے احتیاطی اقدام کے طور پر یہ فیصلہ کیا جس کے بعد طیارہ کی مکمل جانچ کی گئی۔