ایجوکیشن / کیریئر

تعلیم اور روزگار سے متعلق سوال جواب
APOSS اور NOS میں فرق ؟
سوال :APOSS سے ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کورسز ہیں اور اس کے امتحانات ہوتے ہیں اس طرح NOS نیشنل اوپن اسکول کے تحت بھی سکنڈری ( دسویں ) اور سینئر سکنڈری ( بارہویں ) سطح کے امتحانات ہیں ان دونوں میں کیا فرق ہے اور دونوں کے اسنادات کی مماثلت ہے ؟
شریف النساء بیگم ۔ احمد نگر فرسٹ لانسر حیدرآباد

جواب : APOSS آندھراپردیش اوپن اسکول سوسائٹی ہے اور NOS نیشنل اوپن اسکول ہے جس کو اب بدل NIOS نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ کردیا گیا ہے یہ دونوں ادارے حکومت کے ہیں ۔ APOSS ریاستی سطح کا ہے جبکہ NIOS قومی سطح کا ہے دونوں ادارے دسویں اور بارہویں سطح کیلئے داخلے دیتے ہوئے کورس میٹریل کتابی شکل میں فراہم کرتے ہیں ۔ اور امتحانات منعقد کرتے ہیں ، کامیابی پر سرٹیفیکٹ جاری کرتے ہیں اور یہ اسنادات کی قدر و قیمت Value دیگر بورڈس کے طرح برابر اور مماثل ہے اس کے ذریعہ اعلی تعلیم میں داخلے دیئے جاتے ہیں ۔

EAMCET کے ذریعہ فارمیسی کورسز میں داخلے
سوال : ایمسٹ کے ذریعہ انجینئرنگ اور میڈیکل کورسز میں داخلے کیلئے کونسلنگ ہوتی ہے فارمیسی کے کن کن کورسز میں ایمسٹ کے ذریعہ داخلے ہوتے ہیں اور کون اہل ہیں براہ کرم جواب تشفی بخش شائع کریں ؟
امتیاز محی الدین ۔ ضلع کریم نگر
جواب : فارمیسی کے جن کورسز میں انٹرمیڈیٹ کے بعد ایمسٹ کے ذریعہ داخلے دیئے جاتے ہیں وہ بی فارمیسی B.Pharm چار سالہ اور چھ سالہ فارما ڈی Pharm-D کورس ہے ۔ اس کیلئے انٹرمیڈیٹ کے MPC اور BPC دونوں گروپ کے امیدواروں اہل ہیں ۔ فارمیسی کا جو تین سالہ ڈپلوما کورس ہے وہ ڈی فارمیسی D.Pharm ہے جو پالی ٹکنیک میں ہوتا ہے ۔ اس کیلئے ایمسٹ نہیں دیکھا جاتا نہ ہی علحدہ انٹرنس ہے بلکہ اسٹیٹ بورڈ آف ٹکنیکل ایجوکیشن کے اعلامیہ جاری ہونے پر فارم داخل کرتا ہوتا ہے اور ذریعہ میرٹ کونسلنگ ہوتا ہے اور داخلے دیئے جاتے ہیں ۔ ایمسٹ کی فارمیسی کی کونسلنگ الگ ہوتی ہے ۔

آئندہ سال سے SSC نصاب اور امتحانی پرچوں میں تبدیلیاں
سوال : آئندہ سال سے SSC کے نصاب درس کتب بدل رہے ہیں معلوم ہوا کہ امتحانی پرچہ بھی بدل دیا ہے ۔ تبدیل شدہ پروگرام / نصاب / امتحان کو شائع کریں تو نوازش ہوگی ؟

مدیحہ فاطمہ ناز ۔ حافظ بابانگر
جواب : ایس ایس سی ( دسویں ) کے نصاب اور درسی کتب کو محکمہ تعلیمات SCERT نے تبدیل کردیا ہے جس طرح آٹھویں اور نویں جماعت کے درسی کتب ، نصاب بدلا گیا اس طرز پر آئندہ تعلیمی سال 2014 – 15 سے درسی کتب بدل رہے ہیں اور امتحانی پرچوں میں بھی کافی تبدیلیاں کرتے ہوئے ہر مضمون کے دو دو پرچوں کو ختم کرتے ہوئے ایک ایک پرچہ کردیا جارہا ہے ۔ زبان اول کے 100 نشانات کا ایک پرچہ ، زبان دوم ( تلگو ) کا 100 نشانات کا ایک پرچہ زبان سوم ( انگلش ) 100 نشانات ایک پرچہ ریاضی ( میاتھس ) 100 نشانات ایک پرچہ ، فزیکل سائنس ، 100 نشانات ایک پرچہ ، بیالوجیکل سائنس 100 نشانات ایک پرچہ ، سوشیل اسٹڈیز 100 نشانات ایک پرچہ اس طرح سات پرچے ، 100 ، 100 نشانات کے ہونگے اور 700 نشانات جملہ ہونگے ۔

B.Ed فاصلاتی کس یونیورسٹی سے کرسکتے ہیں
سوال : B.Ed کس یونیورسٹی سے فاصلاتی (Distance) موڈ میں کرسکتے ہیں براہ کرم یونیورسٹی کا نام اور ویب سائیٹ بتائیں ؟
اسماء نبیلہ ۔ کنگ کوٹھی ، حیدرآباد
جواب : بی ایڈ ( فاصلاتی ) قومی سطح پر صرف اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی IGNOU ہے اس میں داخلے ذریعہ انٹرنس ٹسٹ ہوتا ہے ۔ اس کا اعلان عموماً جون میں ہوتا ہے ویب سائیٹ www.ignou.ac.in