اہل ثروت کو غرباء کی مالی امداد کیلئے آگے آنا وقت کی اہم ضرورت

سنگاریڈی۔ 30 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے زیراہتمام اسلامک سنٹر سنگاریڈی میں 85 غریب و مستحق مسلم خاندانوں میں رمضان کٹس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے جناب ایم جی انور صدر ایم پی جے ضلع میدک نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں مستحق مسلمانوں میں رمضان کٹس کی تقسیم ایک خوش آئند اقدام ہے۔ ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی جانب سے ملک گیر سطح پر بے مثال ملی و دینی اور سماجی خدمات انجام دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں، یتیموں، بیوہ خواتین اور مسکینوں کی مدد کرنا آج کے وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس ضمن میں اہل ثروت حضرات سے انہوں نے خواہش کی کہ وہ غرباء و مساکین کی مالی امداد کیلئے آگے آئیں تاکہ غرباء و مساکین ، یتیم و بیوہ خواتین بھی ماہ رمضان المبارک میں روزہ، تلاوت قرآن مجید، سنتوں و نوافل اور دیگر عبادتوں و اذکار کے علاوہ فرض نمازوں میں اللہ رب العزت کے دربار میں یکسوئی کے ساتھ سر بہ سجود ہوسکیں۔ ایم جی انور نے کہا کہ غرباء و مساکین ، بیوہ خواتین اور یتیموں کو حالات و تنگدستی سے مایوس ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ اللہ اور تقدیر پر بھروسہ کرتے ہوئے زندگی بسر کریں۔ اللہ رب العزت صالحین و نیکو کاروں کو نامساعد حالات میں رزق فراہم کرتا ہے۔ ناظم ضلع جناب محمد امجد حسین، ناظم علاقہ جناب محمد ریاض الدین اور شیخ محبوب ڈبلیو پی آئی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ جناب محمد صلاح الدین بابر کی تلاوت و ترجمانی سے جلسہ کا آغاز ہوا جبکہ محمد حشمت خاں نے جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔