اکثریتی فرقہ کے ایک شخص کی ہلاکت کے بعد اعظم گڑھ میں حالات ہنوز کشیدہ

لکھنؤ ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اعظم گڑھ کے گمبھیر پور تھانہ کے تحت محمد پور بازار میں فرقہ وارانہ کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ اگرچہ آج کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا لیکن اکثریتی فرقہ کے ایک شخص کے ہلاک ہونے کے بعد سے اکثریتی فرقہ میں زبردست اشتعال پیدا ہوگیا۔ اگرچہ ریاستی حکومت حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور حکومت نے اس معاملے میں تساہلی برتنے کے الزام میں تھانہ گھمبیر پور کے سرکل افسر سلیم صدیقی کو معطل کردحیا ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ضلع میں کشیدگی ہنوز برقرار ہے لیکن کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ متاثرہ علاقے میں دکاندار اپنی دکانیں بند کئے رہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں پولیس اور پی اے سی کی گشت بڑھا دی ہے۔ پورے ضلع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ترجمان کے بموجب دونوں فرقوں کے درمیان دوشنبہ کی شب ہی اس وقت تصادم ہوا جب سرکاری اراضی پر مندر اور چبوترے بنانے کی کوشش کی جارہی تھی۔ اس سلسلے میں دونوں فرقوں کی طرف سے نامزد رپورٹ درج کرائی گئی ہیں۔ مہلوک وجے پرتاپ یادو کی آخری رسومات ادا کردیئے گئے ہیں۔ ضلع حکام نے مہلوک کے ورثاء کو مالی امداد بھی دی ہے۔

بہار اسپیکر کے مکان پر سنگباری ،
100 سے زائد افراد پر مقدمہ
پٹنہ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) 100 سے زیادہ نامعلوم افراد پر آج بہار اسمبلی کے اسپیکر کی قیامگاہ پر حملہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جبکہ لالو پرساد کی زیرقیادت آر جے ڈی کا ایک جلوس گزر رہا تھا۔ سنگباری کے واقعہ کی نتیش کمار نے مذمت کی ہے۔ واقعہ کی جھلکیوں کی بنیاد پر سچی والیا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس منو مہاراج نے اخبارات کو اس کی اطلاع دی ہے۔