اڑی میں سکیورٹی میں خامی کا معاملہ، برگیڈکمانڈر کا تبادلہ

نئی دہلی، یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) اڑی حملہ میں سکیورٹی میں چوک کی داخلی انکوائری کے مکمل ہونے تک اڑی برگیڈ کمانڈر سوم شنکر کا تبادلہ کردیا گیا ہے ۔اڑی میں قومی اڈے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 19 فوجی مارے گئے تھے ۔فوج نے ذرائع سے بتایا کہ جانچ کے دوران یہ تبادلہ معمول کی بات ہے ۔برگیڈ کمانڈر کے تبادلہ کا یہ قدم اڑی حملے کا انتقام لینے کی غرض سے سرحد پار جنگجوؤں کے لانچ پیڈز تباہ کرنے کے دو روز بعد اٹھایا گیا ہے ۔لگتا ہے کہ حملہ کا انتقام لینے کے فوراً بعد فوج نے اندرونی امور پر توجہ مرکوز کردی ہے تاکہ بغیر تاخیر کئے سکیورٹی کی کوتاہیوں کا پتہ لگایا جاسکے ۔دہشت گردوں نے اڑی برگیڈ ہیڈکوارٹر کے پچھلے بیس پر حملہ کیا تھا جہاں فوجی یونٹ ڈیوٹی بدلنے کے لئے تعینات کئے جاتے ہیں۔ فوج ان حالات کی داخلی جانچ کررہی ہے جن کی وجہ سے 18 ستمبر کا دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا اور اتنے سارے فوجیوں کی جانیں گئی تھیں۔