اڑیسہ میں برقی لائنوں کو بحال کرنے تلنگانہ برقی ملازمین کی خدمات

حکومت اڑیسہ کی خواہش پر حکومت تلنگانہ کا مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست اڑیسہ میں گذشتہ دنوں طوفان ’ فانی ‘ سے پیش آئے نقصانات کے سلسلہ میں بالخصوص برقی لائنس مکمل طور پر متاثر ہونے کے باعث برقی منقطع ہوچکی ہے اور ان برقی لائنس کی درستگی اور برقی سربراہی کو بحال کرنے میں اڑیسہ برقی عہدیداروں و ملازمین کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے حکومت نے ریاست تلنگانہ سے زائد از ایک ہزار برقی ملازمین کو ریاست اڑیسہ کے لیے روانہ کیا ۔ ریاست اڑیسہ میں برقی سربراہی بحال کرنے میں مدد کے لیے برقی ملازمین کو روانہ کرنے کی خواہش کرتے ہوئے اڑیسہ حکومت نے تلنگانہ چیف منسٹر کوایک مکتوب تحریر کر کے روانہ کیا جس پر فوری اقدامات کر کے برقی ملازمین کو ریاست تلنگانہ سے ریاست اڑیسہ کو روانہ کرنے سے اتفاق کیا اور ریاستی چیف سکریٹری تلنگانہ مسٹرایس کے جوشی کو ضروری ہدایات دیں ۔ ان ہدایات کی روشنی میں ریاستی چیف سکریٹری نے فی الفور تلنگانہ ٹرانسکو منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر ڈی پربھاکر راؤ سے تبادلہ خیال کیا اور ایک ہزار برقی ملازمین کو ریاست اڑیسہ روانہ کرنے کے انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو مسٹر ڈی پربھاکر راؤ نے ایک ہزار برقی ملازمین و عہدیداروں کو ریاست اڑیسہ کے لیے روانہ کردیا اور انہیں اس بات کی واضح ہدایات دی کہ اڑیسہ میں جہاں کہیں بھی برقی سربراہی متاثرہ پائی جائے وہاں برقی سربراہی کوبحال کرنے کے اقدامات کریں بلکہ اڑیسہ برقی ملازمین کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ سے برقی ملازمین کی روانگی کے ساتھ ہی تقریبا اہم مقامات پر برقی سربراہی کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکا ۔ ریاست تلنگانہ کے اس تعاون پر ریاستی حکومت اڑیسہ نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا ۔۔