اڈیالہ جیل میں قیدیوں کو تعلیم دینے مریم نواز کی خواہش

جیل کے عہدیداروں نے درخواست اعلیٰ سطحی عہدیداروں کو روانہ کردی
اسلام آباد۔22جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان مسلم لیگ ( نواز ) کی قائد مریم نواز نے جو فی الحال اڈیالہ جیل میں قید ہے درخواست کی ہے کہ انہیں خاتون قیدیوں کو تعلیم دینے کی اجازت دی جائے جس کو اڈیالہ جیل کے عہدیداروں نے مسترد کردیا ۔ نواز شریف خاندان کے وکیل کے بموجب سابق وزیر اعظم 68سالہ نواز شریف اور اُن کی دختر 44سالہ مریم نواز جیل میں 10سال اور 7 سال کی سزائے قید علی الترتیب بھگت رہے ہیں۔ انہیں 6جولائی کو راولپنڈی کی عدالت نے سزائے قید سنائی تھی ۔ احتساب عدالت نے 6جولائی کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ شریف خاندان چار پرتعیش فلیٹس کا لندن میں مالک ہے لیکن اس کا حساب نہیں دے سکا ۔ ایک قانونی ٹیم کے ارکان امجد پرویز ‘ بیرسٹر سعد ہاشمی اور ظفر خان کی کل قید صدر پاکستان مسلم لیگ ( نواز) اور ان کی دختر اور داماد سے ملاقات ہوئی ۔ جیل کے عہدیداروں نے روزنامہ ڈان کی اطلاع کے بموجب قانونی ٹیم کے علاوہ محمد اورنگ زیب نے بھی جو پاکستان بارکونسل کے عہدیدار ہیں نوام شریف سے ملاقات کی ۔ مریم نواز چاہتی ہیں کہ خاتون قیدیوں کو تعلیم دیں لیکن جیل عہدیداروں نے ان کی قید تنہائی کی وجہ سے انہیں دیگر قیدیوں سے ملاقات پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ تاہم ان کی درخواست اعلیٰ عہدیداروں کو روانہ کردی گئی ہے ۔ قانونی ٹیم کے ایک رکن نے دعویٰ کیا کہ باپ اور بیٹی 4 اخبارات حاصل کرنے کے مستحق ہیں لیکن انہیں ایک ہی اخبار دیا جارہا ہے ۔