اڈوانی کا گجرات میں ووٹ کا استعمال ‘مودی کے بارے میں سوالوں کا جواب دینے سے گریز

احمدآباد۔30اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی قائد لال کرشن اڈوانی نے جاریہ سال کے لوک سبھا انتخابات کو انتہائی نمایاں انتخابات قرار دیا جو تاریخ ہند میں اب تک منعقد کئے گئے ہیں ۔ تاہم بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کے امکانات کے بارے میں سوالوں کا جواب دینے سے گریز کیا ۔ اڈوانی کے فرزند جینت اور دختر پرتیبھا اڈوانی کے ساتھ میونسپل اسکول شاہ پور احمدآباد میں اپنے ووٹ استعمال کئے ۔جہاں کے موجودہ رکن پارلیمنٹ بی جے پی کے کرپ سولنکی کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے امیدوار جے جے میوادا اور کانگریس کے ایشور چاؤلہ سے ہے ۔ اڈوانی گاندھی نگر سے دوبارہ مقابلہ کررہے ہیں ۔ وہاں پر بھی آج ہی رائے دہی مقرر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہوگی اگر الیکشن کمیشن لازمی رائے دہی کا مسئلہ اٹھانے میں کامیاب رہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کے زبردست حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947ء سے کئی انہوں نے کئی انتخابات دیکھے ہیں ۔ 1952ء میں پہلے انتخابات ہوئے تھے ۔ ملک کی تاریخ میں اب تک ہونے والے انتخابات میں موجودہ انتخابات نمایاں اہمیت رکھتے ہیں ۔ تاہم انہوں نے سیاسی سوالات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے اور صرف پارلیمانی انتخابی عمل کے بارے میں سوالوں کے جواب دیں گے ۔