اڈوانی اور جوشی کو بڑھتی عمر کی وجہ سے ٹکٹ نہیں دیا گیا : نتن گڈکری

دونوں قائدین اب بھی ہمارے رہنما ۔ کانگریس صدر کی سیاسی فائدہ کیلئے وزیر اعظم پر تنقیدیں۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ کا انٹرویو

ناگپور 8 اپریل ( سیاست ڈا کام ) سینئر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کانگریس صدر راہول گاندھی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ وزیر اعظم مودی کے خلاف سیاسی مفادات کیلئے کرپشن کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو رتبہ مودی کا ہے اس کے مطابق ان کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ پی ٹی آئی کو لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے راہول گاندھی کی مجوزہ اقل ترین آمدنی اسکیم پر بھی تنقید کی جسکے تحت انہوں نے ملک کے 20 کروڑ غریب عوام کو سالانہ 72,000 روپئے کی امداد پہونچانے کا اعلان کیا ہے ۔ گڈکری نے اس اسکیم کو مقبولیت پسند نعرہ قرار دیا اور کہا کہ یہ غریبوں کے ووٹ حاصل کرنے کی سیاسی حکمت عملی ہے ۔ اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ بی جے پی نے سینئر قائدین جیسے ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو حاشیہ پر لا کھڑا کیا ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی ان کا بہت احترام کرتی ہے اور ان سے رہنمائی حاصل کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اڈوانی جو کچھ کہتے ہیں وہ بی جے پی کے ہی الفاظ ہیں ۔گڈکری نے کہا کہ اڈوانی کا غلط حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا گیا کہ بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کو غیر سماجی عناصر قرار دیتی ہے جبکہ یہ غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی وزیر اعظم کے تعلق سے جس طرح کی بات کر رہے ہیں وہ اچھی نہیں ہے ۔ ایک وزیر اعظم کسی پارٹی کا نہیں ہوتا بلکہ وہ سارے ملک کا ہوتا ہے اور یہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ وزیر اعظم کا احترام کرے اور اسے وزیر اعظم تسلیم کرے ۔ راہول گاندھی افسوس کی بات یہ ہے کہ ان کے خلاف غلط الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔ اقل ترین آمدنی اسکیم پر راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر گڈکری نے کہا کہ اس اسکیم پر عمل آوری کیلئے ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپئے کی رقم درکار ہوگی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ رقم کہاں سے آئیگی ۔ اور اگر اس رقم کو استعمال کیا بھی گیا تو زراعت جیسے دوسرے شعبوں کیلئے بجٹ میں کس طرح سے گنجائش فراہم کی جائیگی ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مقبولیت پسند نعرہ ہے اور یہ غریب عوام کے ووٹ حاصل کرنے سیاسی مقصد کے تحت معلنہ اسکیم ہے ۔ انہوں نے اڈوانی اور جوشی کو حاشیہ پر لا کھڑا کردینے کے الزامات کے تعلق سے کہا کہ ہر جماعت میں فطری قانون ہوتا ہے ۔ ایک عمر کے بعد ہر ایک کو سبکدوش ہونا پڑتا ہے ۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں اور اڈوانی اور جوشی کی خدمات کے معترف ہیں ۔ وہ اب بھی ہمارے رہنما ‘ فلاسفر اور جذبہ کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے میڈیا ہو ‘ کارپوریٹس ہو یا پھر فلمی صنعت ہو ہر جگہ عمر کی ہر ایک کیلئے حد ہوتی ہے ۔ اسی کی بنیاد پر پارٹی نے فیصلہ کیا ہے ۔ گڈکری نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی قومی سلامتی جیسے مسائل پر بھی سیاست کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کوئی قابل مباحث سیاسی موضوع نہیں ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ ان کی پارٹی کو انتخابات میں واجبی اکثریت حاصل ہوگی اور نریندر مودی ایک بار پھر وزیر اعظم بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کئی اہم موضوعات ہوتے ہیں جو معاشی صورتحال وغیرہ سے متعلق ہوتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوامی زندگی میں ان مسائل پر اظہار خیال کیا جائے ۔