’اچھے دن کہاں ہیں ‘: اکھلیش

ایٹاہ ۔30جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سماج وادی پارٹی کے صدر اور اُترپردیش کے چیف منسٹر اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ان کی جماعت ( ایس پی ) کے انتخابی منشور کی نقالی کی ہے اور کہاکہ مودی حکومت نوٹ بندی کے ذریعہ عوام کو ہراساں کررہی ہے۔ کانگریس کے ساتھ مفاہمت کے بارے میں اکھلیش نے کہاکہ ’’( ایس پی کی انتخابی نشان ) سیکل اب (کانگریس کے انتخابی نشان ) ہاتھ کے تعاون سے مزید مستحکم ہوئی ہے ‘‘۔اکھلیش نے ایٹاہ اور جائترا میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ان کی پارٹی کے انتخابی منشور کی تقلید کی ہے اور سوال کیا کہ ’’اچھے دن کہاں ہیں‘‘ ۔ 2014 ء کے پارلیمانی انتخابات سے قبل بی جے پی نے عوام کے کھاتوں میں فی کس 15 لاکھ روپئے جمع کرنا کا وعدہ کیا تھا جو اب تک پورا نہیں ہوا ہے۔ اکھلیش نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت نوٹ بندی کے ذریعہ عام آدمی کو ہراساں و پریشان کررہی ہے ۔