اچھی صحت کیلئے پاکیزگی اور غذا کا استعمال اور احتیاط ضروری

حیدرآباد ۔ /30 مئی (سیاست نیوز) اچھی صحت اور تندرست رہنے کیلئے غذا کا صحیح استعمال اور احتیاط ضروری ہے ۔ آج ہماری صحت کی خرابی کی اہم وجہ دعوتوں کا کھانا ہے۔ جس طریقہ سے دعوتوں میں کھانے رکھے جارہے ہیں وہ ناقص ہیں جس کا اثر صحت پر بری طرح پڑرہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال میں جسمانی ورزش اور حفظان صحت کے اصول کے عملی مظاہرہ کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ آج حکومت ہند سوچھ بھارت اور حکومت تلنگانہ سوچھ تلنگانہ حیدرآباد کی مہم چلاتے ہوئے صاف صفائی کے کام کررہی ہے جبکہ پاکیزگی اور صاف ستھرا رہنے کا عمل اسلام نے آج سے 1400 سال قبل سکھایا ہے ۔ اسلام میں پاکیزگی آدھا ایمان ہے ۔ انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ وہ شہر کے کچرے کوڑے کو کسی بڑی جگہ جلاکر اگر اس کا استعمال کرے تو اس سے برقی پیدا کرکے حیدرآباد میں 24 گھنٹے برقی سربراہی کی جاسکتی ہے ۔ اسٹار فٹنس سوسائٹی اور ادارہ سیاست کے اشتراک سے منعقدہ ٹریننگ کیمپ سے جناب زاہد علی خان نے اپنے مکمل تعاون کا پیشکش کیا اور صحت مندی کیلئے جو مشق اور گر بتائے ہیں اس پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف مہمان خصوصی نے زندگی کے ہر عمل میں ’’اعتدال پسندی‘‘ کا مشورہ دیا ۔ یہی عمل غذا کے استعمال اور اچھی صحت کا بھی ضامن ہے ۔ دن میں پانچ وقت نمازوں میں جو ارکان رکوع ، سجود ، قاعدہ میں ادا کئے جاتے ہیں وہ بہترین قسم کی Exercise (ورزش) ہے ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین نے یونانی طب کے حوالہ سے کہا کہ جناب ابراہیم جیلانی کے حفظان صحت کے اصول پر عملی مشق کو علاج باالتدبیر ہے۔ انہوں نے اس مشن کو جاری رکھنے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ بیگم ابراہیم جیلانی فہمیدہ بیگم نے خواتین کو بھی جسمانی ورزش کے حوالہ سے بتایا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے کے مصداق احتیاط پسند ہونا چاہئیے ۔ انہوں نے حفظان صحت کے دس اصول بتائے ۔ اور احادیث کے حوالے سے کہا کہ پاکی آدھا ایمان ہے ۔ سب سے پہلے انسان کو پاک و صاف رہنا چاہئیے ۔ بانی و ڈائرکٹر اسٹار فزیکل فٹنس سنٹر جناب ابراہیم جیلانی نے مختلف قسم کے Exercise ’’ورزش‘‘ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بتلایا کہ ان کے جسمانی ورزش کے عملی مظاہرہ سے ہزارہا افراد مستفید ہوتے ہیں جن کی نہ صرف صحت میں بہتری آئی بلکہ وہ چاق و چوبند اور صحت مند ہیں اس موقع پر ابراہیم جیلانی نے مہمانوں کا شال پوشی سے استقبال کیا ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ محمد فضل نے خیرمقدم کیا ۔ آخر میں ابراہیم جیلانی نے شکریہ ادا کیا ۔