اپوزیشن پر حقیر سیاسی فائدہ کیلئے اوچھی سیاست کرنے کا الزام

سماج میں دلت اور غیر دلت کے احساس کو ختم کرنے کی ضرورت، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو
حیدرآباد 31 جنوری (این ایس ایس) مرکزی وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں اپوزیشن جماعتوں کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ حقیر سیاسی فائدہ کے لئے اوچھی سیاست کررہی ہیں۔ بنجارہ ہلز میں اتر بھارتیہ منچ کے زیراہتمام ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے وینکیا نائیڈونے اپوزیشن پارٹیوں پر الزام عائد کیاکہ وہ یونیورسٹی آف حیدرآباد میں ریسرچ اسکالر روہت ویمولہ کی خودکشی پر سیاست کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ انڈین نیشنل کانگریس اور اس کے نائب صدر راہول گاندھی کی اس طرح کی سیاست سے روہت کی روح کو سکون نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ روہت ویمولہ کی خودکشی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ملک میں سنٹرل یونیورسٹی کیمپس میں دیگر دس طلبہ کی بھی موت ہوئی لیکن راہول گاندھی نے ان مقامات پر جانے کی زحمت گوارا نہیں کی لیکن انھوں نے اس طالب علم کی موت پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کے لئے پندرہ دن میں دو مرتبہ حیدرآباد کا دورہ کیا۔ وینکیا نائیڈو نے کہاکہ یونیورسٹی کیمپس میں اس طرح کے واقعات کا تدارک کرنا، حالات کو بہتر بنانا اور سازگار ماحول پیدا کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ انھوں نے کہاکہ یونیورسٹی کیمپس کو سیاست سے پاک رکھنے کی ضرورت ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ذات پات اور فرقہ وارانہ سیاست سے دوری اور غیر سماجی عناصر سے چھٹکارا پانے کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ سماج میں دلت اور غیر دلت کے احساس کو ختم کرنا بہت ضروری ہے۔ اس کے لئے ہر محب وطن پارٹی کو تبدیلی لانے میں اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ کانگریس جو ’غلط حکمرانی‘ کے لئے بدنام ہے، تقسیم کرنے والی طاقتوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے کے لئے ووٹ بینک کی سیاست کررہی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ عوام نے کانگریس کو اس کی غلط حکمرانی اور بدعنوانیوں پر مسترد کردیا ہے۔ اب وہ بے کار ہوگئے ہیں اور مچھلی پانی کے باہر جیسا محسوس کررہے ہیں۔ حیدرآباد کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہاکہ کاسمو پولیٹن شہر میں کوئی سیٹلر نہیں ہے سب شہری ہندوستانی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ امر افسوسناک ہے کہ جو لوگ آئی ایس آئی ایس، دہشت گردوں کے ساتھ یگانگت کا اظہار کررہے ہیں وہ حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔