اپوزیشن اتحادکے بارے میں مودی عوام کو گمراہ نہ کریں:اکھلیش

لکھنو۔5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) سماجوادی پارٹی اکھلیش یادو نے اتوار کو وزیراعظم نریندر مودی کو اپنا ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن اتحاد کے بارے میں عوام کے درمیان شکوک پیدا کر کے انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی زبان میں تبدیلی آگئی ہے کیونکہ بی جے پی پہلے مرحلے سے ہی پیچھے ہے ۔ وہ ترقی، کسان، آمدنی کے بارے میں بات نہیں کررہے ہیں۔ وہ صرف عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔ ایس پی۔ بی ایس پی۔ آر ایل ڈی اتحاد اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کس کی حکومت بنے گی اور کون وزیر اعظم ہوگا۔ملحوظ رہے کہ مسٹریادو کا یہ بیان مودی کے اس تبصرے کے ایک دن بعد ہے آیا ہے جب وزیر اعظم نے پرتاپ گڑھ کی ریلی میں دعوی کیا تھا کہ ایس پی اور کانگریس کا اتحاد ہے ۔میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اکھلیش نے دعوی کیا کہ بی جے پی کو معلوم ہے کہ وہ اقتدار میں واپس نہیں آرہے ۔اب وہ آئی ٹی، سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ اپوزیشن لیڈروں کی بے عزتی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔