اپنی باتوں سے کسی کی دل آزاری نہ کریں

کہا جاتا ہے کہ منہ سے نکلی بات اور کمان سے نکلا ہوا تیر واپس نہیں لیا جاسکتا۔ اسی لئے سوچ سمجھ کر ہی کوئی بات منہ سے نکالیں اور سنی سنائی باتوں کو بلا تصدیق آگے نہ بڑھائیں۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بیشتر خواتین میں یہی بری عادت پائی جاتی ہے۔ پھر اس قسم کی باتوں کے نتیجے میں خواہ کوئی مشکل میں گرفتار ہوجائے یا کسی کا گھر برباد ہوااس قسم کی خواتین کی صحت پر قطعی اثر نہیں پڑتا۔ اور ستم ظریفی دیکھئے کہ اپنی تمام ہم جولیوں کو کوئی افواہ بہم پہنچاتے ہوئے ان کا انداز ایسا ہوتا ہے کہ جیسے وہ اس واقعے کی چشم دید گواہ رہی ہوں۔ لطف کی بات یہ ہے کہ انہیں دوسروں کی عیب جوئی کرتے وقت اپنی بڑی سے بڑی برائی یا یوں کہیں کہ اپنی آنکھ کا شہتیر نظر نہیں آتا۔ لیکن سمجھدار خواتین اس طرح کے خطرناک مشاغل میں نہیں پڑتیں کیونکہ وہ ان کے نقصانات سے آگاہ ہوتی ہیں۔