آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث دو نائجیریائی باشندے گرفتار

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث دو نائجیریائی باشندوں کو نئی دہلی میں گرفتار کرلیا اور اُنھیں شہر منتقل کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ 35 سالہ ای کے چکنونسو اور اُس کا ساتھی ازوبوکی جو نائجیریائی باشندے ہیں، آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث ہوتے ہوئے ایک خاتون کو لندن سے ایک انعام اُس کے نام ڈرا ہونے کا دھوکہ دیتے ہوئے 9 لاکھ 30 ہزار روپئے ہڑپ لئے۔ انھوں نے بتایا کہ 51 سالہ دیپتی چودھری ساکن بیگم پیٹ نے بتایا کہ 23 جنوری کو ڈاکٹر فلپس لیوناڈس کے نام سے فیس بُک فرینڈ رکویسٹ حاصل ہوا جسے اُس نے قبول کرلیا۔ ڈاکٹر لیوناڈس خود کو لندن میں مقیم ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے اِس خاتون سے دوستی قائم کی اور بتایا کہ وہ بطور تحفہ آئی فون، لیاپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء روانہ کررہا ہے۔ اتنا ہی نہیں ڈاکٹر لیوناڈس نے پارسل کی ایک تصویر بھی فراہم کی، کچھ دنوں بعد مذکورہ دو نائجیریائی باشندے خاتون کو بذریعہ فون رابطہ قائم کرتے ہوئے بتایا کہ اُس کے لندن کے پارسل کو حاصل کرنے کے لئے کسٹم فارن ایکس چینج اور ریزرو بینک آف انڈیا کی بھاری فیس ادا کرنی ہوگی۔ اِس سلسلہ میں خاتون نے فرضی بینک کھاتوں میں 9 لاکھ 30 ہزار روپئے حاصل کرلئے اور اُس پارسل حاصل نہ ہونے پر سائبر کرائم پولیس سے شکایت درج کروائی اور تحقیقات کے دوران پولیس نے یہ پتہ لگایا کہ اس میں ملوث دو نائجیریائی باشندے ہیں جن کا پتہ دہلی میں لگایا گیا۔