آندھراپردیش کے عازمین حج کے لیے کیمپ کا انعقاد

خادم الحجاج کو بہتر خدمات انجام دینے کا مشورہ، مومن حسین اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) آندھراپردیش حج کمیٹی کے زیر اہتمام حج 2019ء کا پہلا کیمپ آج گنٹور کے انجمن اسلامیہ شادی خانے میں منعقد ہوا۔ عازمین حج کی رہنمائی کے لیے منتخب کردہ عازمین حجاج کو کیرالا سے تعلق رکھنے والے مجیب الرحمن نے خصوصی ٹریننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ حج کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں۔ سفر حج کے دوران مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ لہٰذا عازمین حج کو ابھی سے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ خادم الحجاج کی ذمہ داری ہے کہ وہ عازمین حج کو اس بات کی تلقین کریں کہ وہ مسائل سے زیادہ عبادات پر توجہ مرکوز کریں۔ سفر کے دوران دشواریوں کا سامنا کرنا عام بات ہے۔ مجیب الرحمن نے کہا کہ عازمین حج کو سفر کی دشواریوں اور دیگر مسائل کے سلسلہ میں پہلے ہی سے شعور بیدار کرنا چاہئے۔ ایگزیکٹیو آفیسر آندھراپردیش حج کمیٹی محمد تاج الدین عارف نے اس موقع پر کہا کہ عازمین حج کی تربیت کے علاوہ سعودی عرب میں انہیں مختلف مسائل سے واقف کرانے کے لیے کیمپ منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی روانگی سے واپسی تک بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کی ذمہ داری ہے کہ وہ روانگی سے لے کر ایام حج کی تکمیل اور واپسی تک ہر قدم پر عازمین حج کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کو چاہئے کہ وہ اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لیے خصوصی جیکٹ کا استعمال کریں۔ عازمین حج کی خدمت میں نہ صرف حاجی حسین باشاہ نے بتایا کہ 2016ء سے عازمین حج کے لیے کام کررہے ہیں اور وہ محض اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لیے یہ کام انجام دے رہے ہیں۔ حج کمیٹی کے رکن مستان شریف نے ہر ضلع میں موجود حج سوسائٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی خدمات دیہی علاقوں تک پہنچائیں تاکہ وہاں کے مسلمانوں میں حج سے متعلق شعور بیدار کیا جاسکے۔ ہر 200 عازمین کے لیے ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا گیا ہے اور انہیں عازمین کے ساتھ رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی مومن احمد حسین نے کہا کہ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو ایک ہی عمارت میں قیام کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی عازمین حج کے لیے بہتر خدمات کو اپنی ذمہ داری تصور کرتی ہے۔ حج کمیٹی کے ارکان الحاج سید شاہ مخدوم قادری، شیخ حسن باشا، حسین شریف، سابق ایگزیکٹیو آفیسر لیاقت علی اور دوسرے تقریب میں موجود تھے۔