آندھراپردیش کے دارالحکومت کیلئے آج سے اراضیات کا حصول

گنٹور 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے حصول اراضیات کا عمل کل سے شروع ہوجائے گا۔ اسپیشل کمشنر کیپٹل ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مسٹر این سریکانت نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ چیف منسٹر کی زیرقیادت یہ اتھاریٹی نئے دارالحکومت کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کرے گی۔ مسٹر سریکانت آج ریونیو عہدیداروں کے اجلاس سے مخاطب تھے جس میں انھیں کسانوں سے اراضیات حاصل کرنے کے طریقہ کار کی تربیت دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ نئے دارالحکومت کی تعمیر کے لئے کسان اپنی اراضیات حوالے کرنے کیلئے راضی ہوگئے ہیں اور ملکیت نامہ کی زیراکس کاپی کے ساتھ مکتوب آمادگی پیش کردیا ہے۔ جبکہ حصول اراضیات کا کام انجام دینے کیلئے محکمہ مالگذاری کی 27 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مسٹر سریکانت نے یہ وضاحت کی کہ حکومت ان کسانوں سے جبراً اراضی حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گی جوکہ آمادہ نہیں ہیں۔ قبل ازیں حکومت سے دریائے کرشنا کے جنوبی سمت دارالحکومت کے قیام کیلئے 30,000 ایکر اراضیات حاصل کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا۔