آندھراپردیش میں خشک سالی حالات سے نمٹنے میں حکومت ناکام

کسان مشکلات کا شکار، کے راما کرشنا سکریٹری سی پی آئی اے پی کا بیان
حیدرآباد 30 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی سی پی آئی کمیٹی آندھراپردیش نے ریاست آندھراپردیش میں سنگین خشک سالی حالات سے نمٹنے میں ریاستی تلگودیشم حکومت پر بالکلیہ طور پر ناکام ہوجانے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ ریاست میں سنگین خشک سالی حالات کی وجہ سے کسان شدید مشکل حالات سے دوچار ہیں اور خشک سالی حالات سے نمٹنے اور اس خشک سالی کا انسداد کرنے میں تلگودیشم حکومت کوئی مؤثر اقدامات نہیں کررہی ہے۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے راما کرشنا سکریٹری ریاستی سی پی آئی کمیٹی آندھراپردیش نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست میں آئندہ دنوں کے دوران اسپرنکلنگ سسٹم کے ذریعہ دو کروڑ ایکر اراضیات پر زرعی سرگرمیاں انجام دینے سے متعلق چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو کا بیان انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انھوں نے چیف چیف منسٹر اے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ چندرابابو نے بیرون ممالک جو جھوٹی باتیں کہے ہیں وہی جھوٹی باتیں ریاست کو واپسی کے بعد کررہے ہیں۔ علاوہ چیف منسٹر نائیڈو محض آئندہ انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیاسی چال بازیوں کا آغاز کرکے بے روزگار تعلیم یافتہ افراد کے لئے ’’بے روزگاری بھتہ‘‘ دینے کے لئے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔ کے راما کرشنا نے پون کلیان صدر جنا سینا پارٹی کو جان کا خطرہ لاحق رہنے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پون کلیان کو مناسب تحفظ فراہم کرنے کے لئے توجہ مبذول کروانے پر حکومت مسلسل ٹال رہی ہے اور تحفظ کے لئے مناسب اقدامات سے عمداً گریز کررہی ہے۔ سکریٹری ریاستی سی پی آئی کمیٹی اے پی کے راما کرشنا نے چندرابابو نائیڈو کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ پون کلیان کو کچھ بھی ہو تو چیف منسٹر اے پی اس کے لئے راست ذمہ دار ہوں گے۔