آندھراپردیش اور تلنگانہ کی صورتحال پر وزیراعظم کو رپورٹ کی پیشکشی

حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ و آندھراپردیش کے مشترکہ گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن جو اپنے سہ روزہ دورہ پر دہلی میں قیام کئے ہوئے ہیں، آج وزیراعظم مسٹر نریندر مودی سے ملاقات کی اور دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش کے حالات اور امن و ضبط کی صورتحال سے متعلق ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ مسٹر نرسمہن نے وزیراعظم سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ قبل ازیں گورنر نے مرکزی معتمد داخلہ مسٹر اے کے گوئل سے ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش سے متعلق مختلف موضوعات پر تفصیلی بات چیت کی اور دونوں ریاستوں کے حالات اور حکومت کی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نرسمہن نے بتایا کہ مرکزی معتمد داخلہ کے ساتھ ان یہ ملاقات بالکلیہ طور پر خیرسگالی ہے اور اس ملاقات کے دوران دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش کے کسی بھی مسائل پر تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔ تاہم سکریٹری داخلہ نے دونوں ریاستوں کے چیف منسٹروں کی ستائش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرنے کے دوران تلنگانہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ ٹیکس کی وصولی کا یکم اپریل سے نفاذ عمل میں لانے کیلئے جاری کردہ احکامات پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور بتایا کہ ٹرنسپورٹ ٹیکس وصول کرنے سے متعلق اطلاعات آج اُنھوں نے اخبارات میں پڑھی ہے اور حیدرآباد پہونچنے کے فوری بعد اس مسئلہ پر تفصیلات سے واقفیت حاصل کریں گے اور مناسب اقدامات کریں گے کیونکہ اس ٹرانسپورٹ ٹیکس سے غریب آدمی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔