آسٹریلیا نے سری لنکا کو چوتھا ونڈے ہرایا، سیریز بھی جیتی

میزبان 212 آل آؤٹ، ہیسٹنگز کو 6 وکٹ ۔ آسٹریلیائی اننگز میں اوپنر فنچ کی 18 گیندوں میں ففٹی
ڈمبولا ، یکم سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا نے جان ہیسٹنگز کی شاندار بولنگ اور جارج بیلی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو ایک روزہ سیریز کے چوتھے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے جیت لی ہے۔ گزشتہ روز یہاں کھیلے گئے ڈے؍ نائٹ میچ میں سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو جان ہیسٹنگز کی تباہ کن بولنگ کے باعث غلط ثابت ہوا۔ سری لنکا کی جانب سے دھننجے ڈی سلوا نے خوبصورت اننگز کھیلی لیکن دیگر بیٹسمین مسلسل میدان بدر ہوتے رہے اور آسٹریلیا کو ایک آسان ٹارگٹ دے دیا۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان اوپنر اوشکا فرنانڈو صفر پر مچل اسٹارک کا شکار بنے جبکہ دنیش چندیمل اور کوشل مینڈس خاطر خواہ کارکردگی دکھائے بغیر آؤٹ ہوئے۔ کپتان میتھیوز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ڈی سلوا کا ساتھ دیا اور اسکور کو 115 تک پہنچایا مگر انھیں گیند کی ضرب لگنے سے میدان سے باہر جانا پڑا۔ متھیوز بعد میں دوبارہ آکر کھیلے اور 40 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈی سلوا 76 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 212 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیسٹنگز نے تباہ کن بولنگ میں 45 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کئے

اور ٹیم کوسیریز میں کامیابی کا آسان موقع فراہم کردیا۔ سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم کے بیٹسمنوں نے آسان ٹارگٹ کا تعاقب ذمہ دارانہ انداز میں کیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر اور آرن فنچ نے 74 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فنچ نے 18 گیندوں میں ہاف سنچری مکمل کی اور اگلی گیند پر 55 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ تاہم شان مارش کی عدم موجودگی میں ٹیم میں واپسی کرنے والے عثمان خواجہ پاتھیرانا کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ وارنر بھی 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد جارج بیلی نے عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹراویس ہیڈ کے ساتھ چوتھی وکٹ میں 100 رنز کا اضافہ کیا۔ ٹراویس 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ آسٹریلیا نے مقررہ ٹارگٹ 31 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ بیلی 90 اور ویڈ 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سیریز کا پانچواں و آخری ونڈے 4 ستمبر کو پالیکلے میں کھیلا جائے گا ۔