آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ اذان لاؤڈ اسپیکر پر دی گئی

سڈنی۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ نیوز) آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ لاؤڈ اسپیکر پر اذان کی آواز سنائی دینے پر مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دارالحکومت سڈنی میں واقع اوبرن گیلی بولو جامع مسجد میں جمعہ الوداع کے موقع پر لاؤڈ سپیکر کے ذریعے اذان کی آواز بلند ہونے پر مسلمان کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اس موقع پر مسجد کے باہر جمع ہونے والے افراد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس موقع کا انتظار سالہا سال سے کر رہے تھے لوگوں کی بڑی تعداد نے اس تاریخی موقع کو کیمروں کی آنکھ اور ریکارڈنگ میں محفوظ کر لیا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا میں زیادہ تعداد ترک نژاد باشندوں کی ہے۔

گنی میں کنسرٹ کے دوران بھگدڑ سے 24 افراد ہلاک
کوناکری۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ نیوز) مغربی افریقی ملک گنی میں کنسرٹ کے دوران بھگدڑ سے کم سے کم 24 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے کے بعد حکومت نے ملک میں ایک ہفتے تک سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کم سے کم 24 لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں 13 لڑکیاں بھی شامل ہیں۔ ایک پولیس افسر نے اسے ایک بڑا حادثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں کو کوناکری کے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ ملک کے صدر نے ایک بیان میں اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔