آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ پر رضامند

ایڈیلیڈ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں رواں سال نومبر میں کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی روشنیوں میں ٹسٹ میچ کھیلیں گی۔ تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ 27 نومبر کو مصنوعی روشنیوں میں ایڈیلیڈ کے میدان میں کھیلا جائے گا اور اس میں گلابی گیند کا استعمال کیا جائے گا جبکہ کھلاڑی روایتی سفید رنگ کی شرٹس ہی استعمال کریں گے۔ ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچ کے دوران روایتی طور پر چائے اور دوپہر کے وقفے کی بجائے اب رات کے کھانے کا وقفہ ہو گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سودرلینڈ کے مطابق انھیں توقع ہے کہ ڈے اینڈ ٹسٹ کرکٹ کی وجہ سے اس کھیل میں دلچسپی بڑھے گی۔ مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جانے ٹسٹ میچ میں گلابی گیند کا استعمال کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹسٹ کرکٹ کے ساتھ یہ مسئلہ درپیش ہے کہ زیادہ تر میچ ہفتے میں ان دنوں میں کھیلے جاتے ہیں جب دن میں لوگ کام کاج میں مصروف ہوتے ہیں اور بچے اسکولوں میں ہوتے ہیں۔ تاہم کھیل کے اوقات میں تبدیلی کے نتیجے میں شائقین دفتری اوقات اور بچے اسکول سے چھٹی کے بعد چند گھنٹوں کیلئے میچ دیکھنے اسٹیڈیم میں آ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں اور دیگر ممالک میں ٹی وی پر میچ دیکھنے والے شائقین کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز اسوسی ایشن کے مطابق کھلاڑی اس تجربے کی وجہ سے پریشان ہیں۔ اسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ہیتھ ملز نے ٹسٹ کرکٹ مصنوعی روشنی میں کھیلنے اور گلابی گیند کے استعمال کی وجہ سے ممکنہ مشکلات پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اعتراضات کے باوجود کھلاڑی اس کھیل میں ہر سطح پر لائی جانے والی اچھی چیزوں کو دیکھیں گے۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ پلیئرز اسوسی ایشن نے مصنوعی روشنیوں میں ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کے خیال پر اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو خدشہ ہے کہ اس سے کھیل کی اہمیت کم ہو جائے گی۔ تاہم اب نیوزی لینڈ پلیئرز اسوسی ایشن نے مالی مشکلات سے نکلنے کیلئے سال 2011ء کے بعد آسٹریلیا کے ساتھ پہلی ٹسٹ سیریز میں ایک میچ مصنوعی روشنیوں میں کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے کیونکہ اسے ٹسٹ سیریز کھیلنے کا اچھا معاوضہ ملے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے نومبر میں ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں پہلے ڈے نائٹ ٹسٹ میچ کو مدنظر رکھتے ہوئے آزمائشی طور پر شیفلڈ شیلڈ 2014-15ء سیزن میں ایک فرسٹ کلاس ڈے نائٹ ٹسٹ میچ منعقد کروایا تھا۔