آسام سے قبائیلی لڑکیوں کی گجرات اور پنجاب منتقلی

ذہنی تطہیر کیلئے سنگھ پریوار کا منصوبہ۔ کانگریس کا الزام
نئی دہلی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج یہ الزام عائد کیا ہے کہ سنگھ پریوار کی 3 تنظیمیں تمام قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آسام سے نوجوان قبائیلی لڑکیوں کو زبردستی منتقل (ٹریفکنگ) کررہے ہیں اور حیرت کا اظہار کیاکہ آیا یہ بردہ فروشی وزیراعظم نریندر مودی کی مہم ’’بیٹی بچاؤ ۔ بیٹی پڑھاؤ‘‘ کا حصہ تو نہیں ہے؟ پارٹی ترجمان پرینکا چترویدی نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک دردناک، گھناؤنا اور تلخ حقیقت ہے کہ ’’بہتر تعلیم‘‘ کے نام پر آسام سے نوجوان قبائیلی لڑکیوں کو منتقل کیا جارہا ہے جس سے سنگھ پریوار کی تنظیموں راشٹریہ سیواکا سمیتی، ودیا بھارتی اور سیوا بھارتی کے عزائم بے نقاب ہوگئے ہیں۔ مہیلا کانگریس کی سربراہ شوبھا اوزا کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے یہ ادعا کیاکہ تحقیقات اور دستاویزی ثبوت سے یہ عیاں ہوگیا ہے کہ کس طرح سنگھ پریوار ’’حقوق اطفال‘‘ سے متعلق ہندوستانی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آسام سے 31 نوجوان قبائیلی لڑکیوں کو پنجاب اور گجرات منتقل کیا تاکہ اپنے نظریات کا ہمنوا اور ذہنی تطہیر کی جائے۔ انھوں نے یہ الزام عائد کیاکہ سنگھ پریوار کے زیرانتظام اداروں نے گجرات اور پنجاب میں برسر اقتدار بی جے پی حکومتوں کے تعاون سے ان لڑکیوں کو آسام اسٹیٹ کمیشن فار پروٹیکشن آف چائیلڈ رائٹس اور چائیلڈ لائن سے حاصل کئے ہیں۔ انھوں نے دریافت کیاکہ آیا یہ وزیراعظم نریندر مودی کے وعدہ ’’بیٹی بچاؤ ۔ بیٹی پڑھا‘‘ کی تکمیل تو نہیں ہے۔ کیا یہ تعلیم اور تحفظ اطفال پر آر ایس ایس اور بی جے پی کا نظریہ ہے؟ کیا بی جے پی مذکورہ 31 لڑکیوں کی دوبارہ خاندان سے ملاقات کو یقینی بنائے گی جنھیں اپنے بچوں تک رسائی سے انکار کردیا گیا ہے اور کہاکہ مرکز اور گجرات ، پنجاب میں برسر اقتدار بی جے پی حکومتیں قانون حقوق اطفال کی خلاف ورزی کی مرتکب آر ایس ایس کارکنوں اور ملحقہ تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

منی پور کی جیل میں پرتشدد جھڑپ ،تین قیدیوں کی موت
امپھال، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) منی پور کے ساجوا سینٹرل جیل میں قیدیوں کی درمیان پرتشدد جھڑپ میں آج صبح تین قیدیوں کی موت ہو گئی اور چار دیگر زخمی ہو گئے ۔ ہلاک شدگان میں دو سعودی عرب کے شہری بھی ہیں۔جھڑپ کے دوران سعودی شہری 21 سال کے یوسف اور 22 سالہ عبد السلام اور منی پور کے چڑاچاندپور کے باشندے ٹی جھا ن کی موت ہو گئی اور تین دیگر قیدی اور جیل کے ایک افسر زخمی ہو گئے ۔