آر ٹی آئی کارکن پر حملہ میں ملوث شیوسینا کے کارکنان کا اخراج

ممبئی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے پارٹی کے اُن کارکنوں کو خارج کردیا جنھوں نے علاقہ مرہٹواڑہ کے ضلع لاتور میں قانون حق معلومات (آر ٹی آئی) کے ایک کارکن کے چہرہ پر کالک پوت دی تھی۔ صدر یوا سینا مسٹر آدتیہ ٹھاکر نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ لاتور میں پیش آئے اس بدبختانہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پارٹی نے سخت مذمت کی ہے اور اس واقعہ میں ملوث کارکنوں کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔ آدتیہ ٹھاکرے جوکہ پارٹی صدر ادھو ٹھاکرے کے فرزند ہیں، اپنے ٹوئٹر پر یہ اطلاع دی۔ واضح رہے کہ شیوسینا کارکنوں نے کل لاتور میں ایک آر ٹی آئی کارکن ملک ارجن بھیکتی پر کے چہرہ پر کالک پوت دی تھی اور شدید زدوکوب کیا تھا جس نے ایک مقامی تعلیمی ادارہ کی غیرقانونی تعمیرات کو بے نقاب کرنے کی دھمکی دی تھی۔ دریں اثناء لاتور پولیس نے کل کے واقعہ میں 26 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔