آج سے کجریوال چیف منسٹر ، سی این جی کی قیمت میں اضافہ پر تنقید، عدالتی فیصلہ پر اقدام : حکومت

نئی دہلی 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اروند کجریوال کل سے چیف منسٹر دہلی کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ آج اُنھوں نے سی این جی کی قیمت میں اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کوشش کریں گے کہ اِس اضافہ کو دہلی میں برعکس کردیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس اضافہ کے نتیجہ میں آٹو رکشا کے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہوجائے گا کیونکہ آٹو رکشا ڈرائیورس نے ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت دہلی کے کئی سرکاری محکموں میں کرپشن کا ثبوت مل چکا ہے۔ ایک خبر رساں چیانل نے مبینہ طور پر دہلی سکریٹریٹ میں فائیلوں کو تلف کرنے کا منظر دکھایا تھا۔ کجریوال نے کہاکہ ٹی وی چیانل ’’آج تک‘‘ پر سکریٹریٹ میں سرکاری فائیلوں کو جلانے کا منظر دکھایا گیا ہے۔ یہاں پر چیف منسٹر، دیگر وزراء اور تمام محکموں کے سربراہوں کے دفاتر ہیں۔ یہ اسٹنگ آپریشن اِس بات کا ثبوت ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں کرپشن بڑے پیمانہ پر موجود ہے۔

دریں اثناء سی این جی کی قیمت میں اضافہ پر کجریوال کی تنقید پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اندر پرستھا گیس لمیٹیڈ نے کہاکہ گھریلو استعمال کے لئے ارزاں قدرتی گیس مختص کرنے کے عدالتی فیصلہ کے نتیجہ میں سی این جی کی قیمت میں اضافہ پر حکومت مجبور ہوگئی تھی کیونکہ گھریلو استعمال کے لئے گیس انتہائی محدود پیمانے پر دستیاب تھی۔ دریں اثناء کجریوال نے اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے انّا ہزارے کو مدعو کیا ہے۔ اُنھوں نے آج صبح ٹیلیفون پر انّا ہزارے سے بات کی اور اِن سے کل تقریب حلف برداری میں شرکت کی درخواست کی۔ تاہم اِس بات کی توثیق نہیں ہوسکی کہ انّا ہزارے تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے یا نہیں کیونکہ اُنھوں نے کل بیان دیا تھا کہ چند دن سے اُن کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ ایک اور اطلاع کے بموجب کجریوال کے آج جنتا دربار میں ایک 25 سالہ نوجوان نے اپنی کلائی زخمی کردی۔ دیولی کے ساکن ضمیر احمد نے بلیڈ سے اپنی کلائی زخمی کرلی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ یہ ظاہرکرنا چاہتے تھے کہ وہ کجریوال کی تائید میں خون بہانے کے لئے بھی تیار ہیں۔

کجریوال حلف برداری کے فوری بعد راج گھاٹ پر حاضری دیں گے
بحیثیت چیف منسٹر دہلی حلف برداری کے فوری بعد کل اروند کجریوال اپنے پہلے کابینہ اجلاس سے قبل راج گھاٹ پر حاضری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہاتما گاندھی کی سمادھی سے ریاستی سکریٹریٹ پہنچیں گے اور وہاں محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے دہلی میں آٹو ڈرائیورس کو درپیش مسائل کے بارے میں بات چیت کریں گے اور ان کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی قیامگاہ سے میٹرو ٹرین کے ذریعہ بارہ کھمبا پہنچیں گے اور وہاں سے بذریعہ کار رام لیلا میدان میں جائیں گے جہاں تقریب حلف برداری مقرر ہے۔ تقریب کے فوری بعد وہ راج گھاٹ جائیں گے۔