آج آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ سے مقابلہ ، کپتان توجہ کا مرکز

مقابلے کا آغاز 3بجے ہوگا

برمنگھم ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی چمپئنس ٹروفی کے کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں متعدد مرتبہ کی عالمی چمپئن آسٹریلیائی ٹیم کا مقابلہ اس کے پڑوسی ملک نیوزی لینڈ سے ہوگا اور اِس مقابلے میں دونوں ہی ٹیموں کے کپتان توجہ کا مرکز ہوں گے۔ جیسا کہ آسٹریلیائی کپتان اسٹیو اسمتھ میدان پر کافی متحرک رہتے ہیں جبکہ ان کے حریف کین ولیمسن اپنی خاموش طبیعت کی وجہ سے مشہور ہیں۔ تاہم کل ٹیموں کے لئے اہم اور ابتدائی مقابلے میں دونوں ہی کپتان مثالی مظاہروں کے لئے کوشاں ہوں گے۔ آسٹریلیائی ٹیم ہمیشہ ہی آئی سی سی کے ٹورنمنٹ میں ایک سخت حریف ثابت ہوتی ہے جبکہ نیوزی لینڈ جس نے یہاں کھیلے گئے وارم اپ مقابلے میں سری لنکا کے خلاف 357 رنز کا ہمالیائی اسکور بہ آسانی حاصل کرلیا وہ پھر ایک مرتبہ اِس کامیابی کو دہرانے کی خواہاں ہوگی۔ 2006 ء اور 2009 ء میں خطاب حاصل کرنے والی آسٹریلیائی ٹیم اس مرتبہ بھی کامیاب شروعات کی خواہاں ہوگی تو دوسری جانب نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل سے نیوزی لینڈ ٹیم کو ایک بہتر شروعات کی اُمید ہے جو حریف فاسٹ بولر مچل اسٹار ، پاٹ کمنگس اور جوش ہیزل ووڈ کے خلاف ٹیم کو ایک بہتر شروعات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مڈل آرڈر میں راس ٹیلر اور کوری اینڈرسن کے علاوہ لیوک رونکی ٹیم کو تیز رفتار رنز فراہم کرسکتے ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم اپنے جارحانہ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ سے بہتر شروعات اور کپتان اسمتھ سے ایک بڑی اننگز کی اُمید کررہی ہے۔

میتھیوزکی ا فتتاحی مقابلے میں شرکت غیر یقینی
لندن۔یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز  آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کے افتتاحی میچ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ ( ایس ایل سی ) نے کہا کہ میتھیوز کو پنڈلی میں چوٹ لگی ہے جس کی وجہ شاید ان کا چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں کھیلنا ممکن نہ ہوسکے ۔ اس سال جنوری سے ہی عضلات میں جکڑن کی وجہ بین الاقوامی کرکٹ سے باہر رہے میتھیوز کا ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں زخمی ہونا ٹیم کیلئے بڑانقصان ثابت ہو سکتا ہے ۔اسٹار آل راؤنڈر اور کپتان کو انگلینڈکے دورہ سے قبل فٹ قرار دیا گیا تھا۔ایس ایل سی نے ایک بیان میں کہا میتھیوز نے درد اوراعصابی تناؤ کی شکایت کی تھی اور اس کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے ان کی ریڈیوگراف کروائی تھی جس میں ان کے اعصابی تناؤ کا پتہ چلا۔ انہوں نے کہا میتھیوز پر اگلے کچھ دنوں تک مسلسل توجہ دی جائے گی تاکہ وہ جلد ٹھیک ہو سکیں لیکن شاید ان کا گروپ مرحلے کے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میں کھیلنا ممکن نہیں ہو گا۔ میتھیوز کی غیر موجودگی میں اپل تھرنگا ٹیم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف  پریکٹس میچ میں95  رنز بنائے تھے ۔سری لنکا کی ٹیم گروپ بی میں شامل ہے جس میں ہندستان اور پاکستان جیسی مضبوط ٹیمیں بھی ہیں۔ سری لنکا کا چیمپئن ٹرافی میں پہلا میچ 3جون کو جنوبی افریقہ سے کنگسٹن اوول میں ہوگا۔