آئی آر سی ٹی سی کیس : رابڑی ، تیجسوی کو ضمانت

نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بیٹے تیجسوی یادو کو انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) اسکام کیس میں ضمانت عطا کردی ہے۔ خصوصی جج ارون بھردواج نے اِس کیس میں لالو پرساد کے خلاف پیشی کا وارنٹ بھی جاری کیا۔ عدالت نے رابڑی اور تیجسوی یادو کو ایک لاکھ روپئے کے شخصی مچلکے اور اتنی ہی رقم کی ضمانت پر راحت عطا کی ہے۔ قبل ازیں عدالت نے لالو فیملی اور دیگر کو اس کیس میں طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج عدالت کے روبرو حاضر ہوں جبکہ یہ کیس دو آئی آر سی ٹی سی ہوٹلوں کو چلانے کا کنٹراکٹ ایک پرائیوٹ فرم کو دینے میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔ لالو آج عدالت میں حاضر نہیں ہوئے کیوں کہ وہ ایک دیگر کیس میں جھارکھنڈ کی جیل میں ہیں۔ سی بی آئی جس نے اِس کیس میں 16 اپریل کو چارج شیٹ داخل کی تھی ، اُس نے کہا تھا کہ لالو، رابڑی ، تیجسوی اور دیگر کے خلاف معقول ثبوت موجود ہیں۔