آئیڈیا، ووڈا فون کا انضمام ، سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی

نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) آئیڈیا سیلولر لمیٹیڈ اور ووڈا فون نے آج اپنے انڈیا آپریشنس کو ضم کرنے کی 23.2 بلین امریکی ڈالر (تقریباً 1.6 لاکھ کروڑ روپئے) معاملت کی تکمیل کرلی جس کے ساتھ یہ ملک کے سب سے بڑے ٹیلی کام آپریٹر بن گئے جو ریلائنس جیو سے مسابقت کریں گے۔ انضمام شدہ کمپنی کو ووڈا فون آئیڈیا لمیٹیڈ کہا جائے گا اور اس کے سبسکرائبرس کی تعداد زائداز 40.8 کروڑ رہے گی۔ مارکٹ میں اِس کا زائداز 33 فیصد حصہ رہے گا۔ جو موجودہ نمبر ایک بھارتی ایرٹیل سے کہیں زیادہ ہے۔ دونوں کمپنیوں نے ایک مشترکہ بیان میں یہ بات بتائی۔ آدتیہ برلا گروپ کے چیرمین کمار منگلم برلا جو آئیڈیا سیلولر کی ملکیت رکھتے ہیں، نئی کمپنی کے چیرمین رہیں گے جس کا 12 رکنی بورڈ آف ڈائرکٹرس ہوگا۔ ووڈا فون کو چیف فینانشیل آفیسر مقرر کرنے کا حق ہے اور دونوں کمپنیوں نے بالیش شرما کو نئی کمپنی کے سی ای او کی حیثیت سے منتخب کیا ہے۔ ہمانشو کپاڈیہ آئیڈیا سیلولر کے منیجنگ ڈائرکٹر کی حیثیت سے سبکدوش ہوگئے لیکن وہ انضمام شدہ کمپنی کے بورڈ پر نان ایگزیکٹیو ڈائرکٹر کی حیثیت سے برقرار رہیں گے۔ اِس انضمام سے ووڈا فون انڈیا اور آئیڈیا لاگتوں کو کم کرنے کے موقف میں آگئے ہیں اور اس طرح وہ ریلائنس جیو کے ساتھ مؤثر مسابقت کرسکیں گے۔اِس معاملت سے 14 ہزار کروڑ روپئے کی بچت کا تخمینہ ہے۔