آئندہ فروری فیفا کے نئے صدارتی انتخابات

زیورخ ۔ 21 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے نئے صدر کا انتخاب 26 فروری 2016 کو ایک غیر معمولی اجلاس کے دوران کیا جائیگا۔اس سے قبل 29 مئی کوسپ بلاٹر  فیفا کے صدر کے عہدے پر منتخب ہو ئے تھے لیکن چار دن بعد ہی شروع ہونے والی بد عنوانی کی تحقیقات کے بعد انھوں نے یہ عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا۔نئے صدر کیلئے مجوزہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے انتخاب کی حتمی تاریخ 26 اکتوبر ہے۔عالمی فٹبال کے سربراہان میں سے زیادہ تر نے یورپی فٹبال اسوسی ایشن یعنی ’یو ایفا‘ کے صدر مائیکل پلاٹینی سے اس عہدے کیلئے انتخاب لڑنے کو کہا ہے۔ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید یہ الیکشن ڈسمبر میں کروائے جائیں جیسا کے بہت سی علاقائی فٹبال کنفیڈریشن اس کے حق میں تھیں۔ گذشتہ انتخابات میں بلاٹرسے ہارنے والے پرنس علی بن الحسین نے 79 سالہ بلاٹر سے فوراً عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ صدر بلاٹر کے استعفے کو زیادہ دیر نہیں روکنا چاہیے، انھیں فوراً چلے جانا چاہیے۔