آئندہ انتخابات ، دو گھوڑوں کی ریس نہیں: عمرعبداللہ

سرینگر 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج کہاکہ ’’یہ اُن سیاسی قائدین کی گمشدہ ہٹ دھرمی ہے جو کہہ رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات دو گھوڑوں کی دوڑ ثابت ہوں گے‘‘۔ مسٹر عمر عبداللہ نے ٹوئٹر کے اپنے بلاگ پر لکھا کہ ’’آئندہ انتخابات کو دو گھوڑوں کی ریس قرار دینا ان سیاسی قائدین کی ’’لاپتہ ہٹ دھرمی‘‘ ہے جو اپنے کیڈر کے حوصلے بڑھانے کیلئے ایسے خیالات ظاہر کررہے ہیں‘‘۔ جموں و کشمیر کے چیف منسٹر ملک کے آئندہ عام انتخابات کا واضح حوالہ دے رہے تھے جنھیں بالعموم حکمراں کانگریس اور اپوزیشن بی جے پی کے درمیان راست مقابلہ سمجھا جارہا ہے۔ مسٹر عمر عبداللہ نے فیس بُک، ٹوئیٹر جیسے سوشیل نیٹ ورکنگ سائٹس پر کئے جانے والے پول سرویز کی ساکھ و صداقت پر بھی سوال اُٹھایا۔ جب بھی میں ٹوئیٹر اور فیس بُک دیکھتا ہوں تو مجھے @ImrankhanPTI کی یاد آتی ہے۔ اگر سوشیل میڈیا کے استعمال کنندگان ہی قائدین کو منتخب کیا کرسکتے تھے تو آج وہ (عمران خان) پاکستان کی قیادت پر فائز رہتے۔