اِسٹائلش کِلپس

صنف ِ نازک کے حُسن میں جتنی اہمیت بالوں کی ہے، اتنی ہی حُسن آرائش میں بالوں کی دیکھ بھال کی بھی ہے۔ بال لمبے ہوں یا چھوٹے، گھنگھرالے ہوں یا سیدھے یا پھر کسی بھی رنگ کے ہوں، اِسٹائلش ایکسسریز سے انھیں اتنا حسین بنایا جاسکتا ہے کہ محفل میں سبھی آپ کی طرف متوجہ ہوجائیں۔بالوں کو سجانے کیلئے بازار میں دستیاب ایکسسریز میں ہیئر کِلپ سب سے زیادہ فیشن میں ہیں، جو الگ الگ ڈیزائن، شیپ، سائز اور رنگوں میں دستیاب ہیں۔ سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس کے ڈیزائن ہیئر ٹیکچر کو ذہن میں رکھ کر تیار کئے جاتے ہیں۔ بٹرفلائی کِلپ، رفل، بیڈرس، ڈائمنڈ کے علاوہ الگ الگ رنگوں کے پنکھ وغیرہ بازار میں موجود ہیں جنھیں آپ بالوں میں لگا سکتی ہیں۔
ہیئر کرسٹل: ان دنوں دوشیزاؤں کو سب سے زیادہ ہیئر کرسٹل پسند آرہے ہیں۔ یہ رنگ برنگے کرسٹل ہوتے ہیں جنھیں آپ گوند کی مدد سے بالوں پر چپکا سکتی ہیں۔ آپ انھیں جوڑے، چوٹی یا کھلے بالوں میں لگا سکتی ہیں۔
ٹریکیٹرا کِلپ: یہ کِلپ ناٹ پر یعنی چوٹی پر لگایا جاتا ہے۔ اس کِلپ کو چوٹی پر لپیٹا جاتا ہے۔ آپ اپنی پسند کے مطابق کِلپ کو پوری چوٹی یا آدھی چوٹی پر لپیٹ سکتی ہیں۔
ریمبو ہیئر ایکسسریز: بالوں میں چمکتے ہوئے ریمبو ہیئر ایکسسریز دیکھنے میں بہت ہی خوبصورت لگتی ہے۔ یہ چمکدار اور رنگ برنگے دھاگے ہوتے ہیں جنھیں آپ اپنے بالوں پر لگا سکتی ہیں۔