اُلجھن نہ پھیلانے کانگریس کو مایاوتی اور اکھلیش یادو کا انتباہ

کانگریس کیساتھ کسی بھی اتحاد کی ایس پی اور بی ایس پی کی جانب سے تردید

لکھنؤ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کو سخت لب و لہجہ کا انتباہ دیتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے آج اُن سے کہاکہ وہ اُلجھن نہ پھیلائیں۔ جن نشستوں پر سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور راشٹریہ لوک دل اتحاد کے امیدوار یوپی میں انتخابی مقابلہ کررہے ہیں، وہاں کانگریس کو کوئی اُلجھن پیدا نہ کرنی چاہئے۔ مایاوتی کا یہ تبصرہ کانگریس کے اِس اعلان کے ایک دن بعد منظر عام پر آیا ہے کہ وہ 7 لوک سبھا نشستیں سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور اجیت سنگھ زیرقیادت راشٹریہ لوک دل اتحاد کے لئے چھوڑ رہی ہے۔ بی ایس پی کی سربراہ نے سلسلہ وار اپنے ٹوئٹر پیغامات میں یہ واضح کردیا کہ بی ایس پی کانگریس کے ساتھ کسی اتحاد میں شامل نہیں ہوگی۔ کانگریس اپنے امیدوار تمام 80 نشستوں پر کھڑا کرنے کے لئے آزاد ہے بہ الفاظ دیگر ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی اتحاد اِس قابل ہے کہ اپنے بل بوتے پر بی جے پی کو شکست دے سکے۔ کانگریس کو اُلجھن پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہئے اور یہ نہیں کہنا چاہئے کہ اُس نے ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی اتحاد کے لئے 7 لوک سبھا نشستیں چھوڑ دی ہیں۔ مایاوتی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں یہ بات واضح کردی۔ ایک اور ٹوئٹر پیغام میں سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہاکہ اترپردیش میں سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کا اتحاد بی جے پی کو شکست دینے کے قابل ہے۔ کانگریس پارٹی کو کوئی ضرورت نہیں کہ اِس سلسلہ میں کوئی اُلجھن پیدا کرے۔ مایاوتی نے کہاکہ بی ایس پی ایک بار پھر یہ واضح کردینا چاہتی ہے کہ کانگریس کے ساتھ یوپی میں کوئی مفاہمت نہیں ہے اور بی ایس پی، کانگریس کی جانب سے اُلجھن پیدا کرنے کے باوجود اُس کے آگے نہیں جھکے گی۔ پارٹی کارکنوں کو بھی کانگریس کی جانب سے روزانہ پیدا کی جانے والی اُلجھن کے آگے نہیں جھکنا چاہئے۔ اتوار کے دن کانگریس نے کہا تھا کہ وہ 12 سے زیادہ لوک سبھا نشستیں دیگر پارٹیوں کے لئے چھوڑ دے گی۔ اِن میں ایس پی، بی ایس پی اور آر ایل ڈی اتحاد کے لئے یوپی میں سیاسی اعتبار سے اہم 7 نشستیں بھی شامل ہوں گی۔ علاوہ ازیں قدیم اور شاندار پارٹی نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ 2 نشستیں اپنا دَل کے لئے چھوڑ رہی ہے اور انتخابی اتحاد کی وجہ سے اُس کو نقصان ہورہا ہے۔ سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی نے لوک سبھا ٹکٹوں کے لئے انتخابی اتحاد قائم کیا ہے۔ اِس معاہدے کے مطابق سماج وادی پارٹی 35 لوک سبھا نشستوں پر اور بی ایس پی 38 لوک سبھا نشستوں پر کام کام کریں گی۔ 3 نشستیں اجیت سنگھ زیرقیادت راشٹریہ لوک دَل کے لئے اور 2 نشستوں کے لئے سونیا گاندھی (رائے بریلی) اور راہول گاندھی (امیتھی) کیلئے چھوڑ دی جائیں گی۔