اُردو آفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے اُردو ، انگریزی اور تلگو پر عبور پیدا کرنے کا مشورہ

دفتر سیاست میں توسیعی لیکچر، جناب شہاب الدین ہاشمی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اُردو آفیسرس کے تقررات کے لئے جو امتحانات منعقد کررہی ہے اس میں معروضی سوالات کے ساتھ ترجمے، خط نویسی، سبجکٹیو ٹائپ میں ہوتے ہیں۔ اس کے لئے امیدوار کو تینوں زبانوں اُردو، تلگو، انگلش سے نہ صرف واقف ہونا ضروری ہے بلکہ ان پر عبور اور مہارت ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار جناب شہاب الدین ہاشمی اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست نے آج یہاں سیاست گولڈن جوبلی ہال میں منعقدہ معلوماتی لکچر دیتے ہوئے کیا اور کہاکہ اُردو آفیسر سیل کے جو پوسٹ ہیں وہ چیف منسٹر، اسمبلی، کونسل اور جی اے ڈی محکمہ کے ساتھ تمام 31 اضلاع کے کلکٹریٹ میں تقرر طلب ہیں۔ عوام کی درخواستوں کی سماعت بالخصوص اُردو دوسری سرکاری زبان کے بعد اعلیٰ عہدیداران تک پہچانا ہے۔ اردو میں اگر کوئی درخواست ہو تو اس کا ترجمہ انگریزی یا تلگو میں کرنا ان کا اہم فرض ہوتا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت اُردو اکیڈیمی تلنگانہ اسٹیٹ نے اس کا اعلامیہ جاری کرنے کے بعد درخواستیں آن لائن طلب کی اور اب 20 مئی کو امتحان ہورہا ہے جس میں 66 پوسٹ کیلئے 5 ہزار امیدواروں نے درخواست دی۔ امیدواروں کو جہاں جنرل نالج، تلنگانہ کی معلومات اور ذہانت کے آبجکٹیو ٹائپ سوالات ہے ساتھ اردو ، تلگو، انگریزی زبان پر عبور ہو تو ترجمے کرنا اور درخواست لکھنا ضروری ہوتا ہے۔ اس موقع پر محمد اقبال احمد (عثمانیہ یونیورسٹی) نے امتحانی سوالات کی نوعیت اور جے این ٹی یو کے ذریعہ ٹکنیکل نوعیت کے سوالات کو آسان انداز سے پیش کیا۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا۔ سینکڑوں امیدواروں نے شہر کے علاوہ اضلاع سے کثیر تعداد میں شرکت کی۔