اُترپردیش میں پنچایت انتخابات کے دوران تشدد

فائرنگ میں 2 افراد بشمول سماج وادی پارٹی لیڈر زخمی
امیٹھی ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : علاقہ سلطان پورہ میں انتخابی مخاصمت میں گولی چلا دینے پر سماج وادی پارٹی کا ایک لیڈر شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ امیٹھی مسٹر ہیرالال نے بتایا کہ راکیش یادو جو کہ حلقہ اسمبلی امیٹھی کے سماج وادی پارٹی صدر ہیں فائرنگ میں شدید زخمی ہونے پر لکھنو کے ٹروما سنٹر میں شریک کروادیا گیا ہے جب کہ 3 افراد کے خلاف ایک کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ علاقہ منشی گنج کے سلطان پور گاؤں میں راکیش یادو آج صبح چہل قدمی کررہے تھے کہ اچانک ان پر فائرنگ کردی گئی ۔ ایس پی لیڈر کا ایک ہفتہ قبل تیواری نامی شخص کے ساتھ تصادم ہوگیا جس کے بعد متعدد گاڑیوں کو آگ لگادی گئی ۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ اترپردیش میں جاریہ پنچایت انتخابات پر دونوں لیڈروں میں مخاصمت پیدا ہوگئی تھی جب کہ ریاست میں پنچایت انتخابات کا آخری مرحلہ 2 نومبر کو منعقد ہوگا ۔ مظفر نگر سے موصولہ اطلاعات کے بموجب ضلع شیاملی میں پنچایت انتخابات کے 2 امیدواروں کے حامیوں میں تصادم کے باعث 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ کل شام انتخابات اختتام پذیر ہونے کے بعد پیش آئے جب موضع لکشمن پورہ میں دھیر سنگھ اور درشن سنگھ کے حامیوں نے ایکدوسرے پر سنگباری اور فائرنگ کردی ۔ تمام زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ۔ دریں اثناء ایک اور واقعہ میں بڈھانہ پولیس اسٹیشن کے تحت موضع پرسولی میں 2 انتخابی امیدواروں کے حامیوں میں تصادم کے دوران ایک شخص کو گولی مار دی گئی ۔ زخمی رامو کو ہاسپٹل سے رجوع کردیا گیا ۔ اطلاع ملتے ہی سینئیر پولیس عہدیدار اور جائے وقوع پہنچ کر حالات پر قابو پالیا اور اس گاؤں میں اضافی پولیس جمعیت متعین کردی گئی ۔۔